چیف منسٹر کے سی آر مودی کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے

سی بی آ ئی کیسیس کے خوف سے بچنے اقدامات، ریونت ریڈی کا بیان

حیدرآباد ۔ یکم ؍ جولائی (راست) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کارگزار صدر مسٹر اے ریونت ریڈی نے سخت الفاظ میں کہا کہ محض بعض سی بی آئی کیسیس کے ڈروخوف سے ہی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ وزیراعظم نریندر مودی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سی بی آئی عہدیداروں نے مسٹر چندراشیکھر راؤ کی چار مرتبہ تفتیش کی ہے۔ لہٰذا کیسیس سے بچنے کیلئے ریاست کے مفادات کو مرکزی حکومت کے ہاں رہن رکھنے کے اقدامات کررہے ہیں۔ مسٹر ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ محض چیف منسٹر کی ناکای کے باعث ہی تلنگانہ میں رقومات کی کمی پائی جارہی ہے اور بالخصوص کسان بینکوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ کارگزار صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے چیف منسٹر کی زیرقیادت حکومت کی کارکردگی پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محض ان ہی ان کمزوریوں اور سی بی آئی کیسیس کے ڈروخوف کی وجہ سے کے چندرشیکھر راؤ وزیراعظم نریندر مودی کے کسی بھی فیصلہ پر دیگر چیف منسٹروں کے مقابلہ میں سب سے پہلے وزیراعظم کے فیصلوں کی بھرپور تائید و حمایت کرنے کے اقدامات کررہے ہیں۔ مسٹر ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا نام سنتے ہی چیف منسٹر مکمل طور پر کانپ اٹھ رہے ہیں۔