چیف منسٹر کے حلقہ گجویل میں ہریش راؤ کی انتخابی مہم میں شدت

حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو گجویل اسمبلی حلقہ میں ایک لاکھ سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی کا حصول یقینی ہے۔ ہریش راؤ نے کانگریس کے قائد پرتاپ ریڈی اور نرسا ریڈی کی جانب سے چیف منسٹر کے خلاف مہم پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی شکست سے متعلق افواہوں کو عام کرتے ہوئے عوام کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہریش راؤ نے ان کا نام تنازعہ میں گھسیٹنے اور پرتاپ ریڈی کو فون کرنے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرتاپ ریڈی کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے ماہرین سے مشاورت کر رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے گجویل کے مختلف علاقوں میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور عوام سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پرتاپ ریڈی اور نرسا ریڈی دونوں عوام کو لوٹنے والے ہیں اور دونوں چور ایک ہوچکے ہیں۔ عوام کو چاہئے کہ وہ انہیں مناسب سبق سکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ گجویل میں ترقیاتی کاموں کو جاری رکھنے کیلئے کے سی آر کا دوبارہ چیف منسٹر بننا ضروری ہے۔ مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد کارکنوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے گجویل کی ترقی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ رعیتو بندھو اسکیم کے تحت کسانوں کو دو فصلوں کے لئے فی ایکر 10 ہزار روپئے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس کے علاوہ غریب کسانوں کو انشورنس اسکیم کے تحت شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور تلگو دیشم ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر روکنے کیلئے 200 سے زائد مقدمات درج کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ بتکماں تہوار میں خواتین کو گاڑیوں کی تقسیم میں کانگریس نے رکاوٹ پیدا کی ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد ملبوسات تقسیم کئے جائیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلگو دیشم اور کانگریس کو ووٹ دینا ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا ہے۔ مہا کوٹمی کے قیام کا مقصد تلنگانہ میں دوبارہ آندھرائی طاقتوں کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہا کوٹمی کی تائید کا مقصد تلنگانہ کو دوبارہ پسماندہ ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔ گزشتہ چار برسوں میں ٹی آر ایس حکومت نے جن ترقیاتی اسکیمات پر عمل کیا تھا، مہا کوٹمی انہیں روکنا چاہتی ہیں۔ ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مخالف تلنگانہ عناصر کو سبق سکھائیں۔ ہریش راؤ نے گجویل کے کولور گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے مقامی عوام سے ملاقات کی ۔ انہوں نے اس گاؤں کی ترقی کے لئے اسے گود لینے کا اعلان کیا۔ گاؤں کی خواتین نے ہریش راؤ کو آشیرواد دیا ۔