حیدرآباد۔ 30 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی طبیعت آج اچانک ناساز ہوگئی اور ڈاکٹرس نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ کل رات سے ہی کے چندر شیکھر راؤ ہلکا بخار محسوس کررہے تھے۔ ڈاکٹرس نے معائنہ کرتے ہوئے بخار کی توثیق کی اور ضروری علاج کے بعد آرام کا مشورہ دیا۔ ناسازیٔ مزاج کے باعث چیف منسٹر کی آج کی تمام مصروفیات منسوخ کردی گئیں۔ واضح رہے کہ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی حیدرآباد میں 10 روزہ چھٹیاں گذارنے کیلئے حیدرآباد پہونچے۔ ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن کے علاوہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کابینی رفقاء کے ساتھ ان کا استقبال کیا تھا۔ وہاں سے واپسی کے بعد ہی چیف منسٹر کی طبیعت کسی قدر ناساز ہوگئی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ناسازیٔ مزاج کے باوجود چیف منسٹر نے نوٹ برائے ووٹ اسکام کے ملزم تلگو دیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت کی منظوری کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔ بتایا گیا ہے کہ اعلیٰ عہدیداروں نے ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے سے متعلق اینٹی کرپشن بیورو کے فیصلے سے واقف کرایا۔