چندرا بابونائیڈو کی این ڈی اے سے قربت کا اشارہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔جون (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں چیف منسٹر کی دوڑ میں کئی قائدین ہیں لیکن وہ اس دوڑ میں شامل نہیں ہے ۔ تانڈور میں مقامی کانگریس قائدین کی جانب سے منعقدہ دعوت افطار میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ انہیں چیف منسٹر کے عہدہ کی کوئی خواہش نہیں۔ کانگریس میں چیف منسٹر کا انتخاب لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں کیا جاتا ہے ۔ تلنگانہ میں 2019 ء میں کانگریس پارٹی کا اقتدار یقینی ہے۔ منتخب ارکان اسمبلی کی رائے کے مطابق ہائی کمان چیف منسٹر کے امیدوار کے نام کو طئے کرے گا ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ عوام حکومت سے سخت ناراض ہیں کیونکہ کے سی آر نے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی ۔ مسلمانوں سے تحفظات کا وعدہ کیا گیا تھا جس پر 4 سال میں عمل نہیں کیا جاسکا۔ رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی جانب سے تمام کانگریسی ارکان اسمبلی و کونسل کے استعفی کے مطالبہ پر تبصرہ کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان اس بیان کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کے صدر این چندرا بابو نائیڈو ہوسکتا ہے کہ آئندہ انتخابات میں این ڈی اے سے دوری اختیار کرتے ہوئے یو پی اے سے قریب آئیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد علی شبیر نے کہا کہ انتخابات میں کس پارٹی سے مفاہمت کی جائے اس کا فیصلہ ہائی کون کی تشکیل شدہ اے کے انٹونی کمیٹی کرے گی ۔