حیدرآباد /2 جنوری (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا کریم نگر کے کانگریس رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے سنسنی خیز ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کا ہیلی کاپٹر ہوا میں اڑا دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ سریدھر بابو کو امور مقننہ کی ذمہ داری سے چیف منسٹر ہٹا سکتے ہیں، مگر علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل ہرگز نہیں روک سکتے۔ تلنگانہ کے معاملے میں جتنی رکاوٹ پیدا کی جائے گی، اتنی ہی جلدی علحدہ ریاست تشکیل پائے گی۔ انھوں نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے وزراء اور دیگر قائدین پر زور دیا کہ وہ اب اپنی آنکھیں کھول لیں اور چیف منسٹر کی مخالف تلنگانہ سرگرمیوں کا منہ توڑ جواب دیں۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال 30 جولائی کو سی ڈبلیو سی کے اجلاس میں علحدہ تلنگانہ ریاست کی قرارداد منظور ہوئی ہے اور اس وقت سے چیف منسٹر تلنگانہ کی مخالفت کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل کو موضوع بحث بنانے کے لئے ٹال مٹول کی پالیسی اپنائی گئی،
جب کہ 3 جنوری سے اسمبلی میں تلنگانہ پر بحث شروع ہو رہی ہے، تاہم دو دن قبل سریدھر بابو کا قلمدان تبدیل کرکے اور آندھرائی قائد کو یہ ذمہ داری سونپتے ہوئے چیف منسٹر نے ایک بار پھر تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو علاقہ تلنگانہ میں قدم نہیں رکھنے دیا جائے گا۔ اگر ایلم پلی پراجکٹ کے افتتاح کے لئے وہ ہیلی کاپٹر سے روانہ ہوئے تو ان کا ہیلی کاپٹر بندوق سے اڑا دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ سریدھر بابو کے وزارتی قلمدان کی تبدیلی کے خلاف ضلع کریم نگر کے عوام نے بطور احتجاج بند منایا ہے، اگر ان حالات میں چیف منسٹر وہاں کا دورہ کرتے ہیں تو نظم و ضبط کے مسائل پیدا ہوں گے، جس کی راست ذمہ داری حکومت اور پولیس پر عائد ہوگی۔