چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کا دورہ دہلی نائیڈو کیخلاف وزیراعظم سے شکایت

حیدرآباد 9 اکٹوبر (این ایس ایس) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ توقع ہے کہ دارالحکومت دہلی کا تین روزہ دورہ کریں گے۔ وہ دہلی کے لئے روانہ ہوتے ہوئے 10 اکٹوبر کو وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرسکتے ہیں اور ریاست تلنگانہ کی تیز تر ترقی کیلئے مرکز کے تعاون پر زور دے سکتے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور دیگر مرکزی وزراء سے 11 اور 12 اکٹوبر کو ملاقات کریں گے۔ تلنگانہ میں برقی بحران کے مسئلہ پر بھی وہ وزیراعظم مودی سے چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو کی شکایت کریں گے۔ اِس بات کا پتہ چلا ہے کہ کے سی آر نائیڈو کے رویہ سے ناراض ہیں۔ آندھراپردیش میں پیدا ہونے والی برقی کا 54 فیصد حصہ تلنگانہ کو دینے میں نائیڈو کی کوتاہی کے خلاف بھی مرکز سے شکایت کریں گے۔ اے پی ری آرگنائزیشن ایکٹ 2014 میں دیئے گئے تیقنات کے باوجود تلنگانہ کو برقی سربراہ نہیں کی جارہی ہے۔