چیف منسٹر پر ایوان کی خلاف ورزی کا الزام، ٹی آر ایس ایم ایل اے کے ٹی آر

حیدرآباد ۔ 23 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی کو قائد ایوان نہیں بلکہ منقسم ایوان کا قائد کہا جائے۔ رکن اسمبلی کے ٹی راما راؤ نے آج ایوان میں چیف منسٹر کے خلاف تحریک مراعات پیش کرتے ہوئے یہ ریمارک کیا۔ رکن اسمبلی تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے تلنگانہ بل پر جاری مباحث کے دوران مسٹر کرن کمار ریڈی کے خلاف تحریک مراعات پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر ایوان کے قواعد و قوانین سے انحراف کررہے ہیں اور اپنے وعدے پر قائم نہیں ہیں۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ کسی رکن پارلیمنٹ کی جانب سے ادا کئے گئے جملوں کو اسمبلی میں استعمال کرنے سے قبل ایوان کے علم میں لانا چاہئے لیکن مسٹر کرن کمار ریڈی نے ایوان کو اس بات سے مطلع کئے بغیر اپنی تقریر کے دوران آنجہانی وزیراعظم مسز اندرا گاندھی کے کہے گئے الفاظ کو دہرایا ہے

جو کہ ایوان کے قاعدے کے خلاف ہے۔ انہوں نے اس دوران اپنی تقریر میں چیف منسٹر پر اپنے موقف سے انحراف کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے اس بات کا وعدہ کیا تھا کہ وہ پارٹی ہائی کمان کے کسی بھی فیصلہ کا احترام کریں گے اور تقسیم سے متعلق فیصلہ پر اگر ہائی کمان تلنگانہ کی تشکیل کو منظوری دیتا ہے تو ایسی صورت میں بھی وہ اسے قبول کریں گے لیکن چیف منسٹر اپنے قول پر برقرار رہنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ مسٹر کے تارک راما راؤ رکن اسمبلی ٹی آر ایس نے بتایا کہ اپنے عہد کے پابند رہنے کے بجائے چیف منسٹر مسٹر کرن کمار ریڈی ہائی کمان کے فیصلہ کے خلاف سرگرم ہیں اور ریاست کی تقسیم کے فیصلہ کو قبول کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ ان حالات اور اپنے بیان سے انحراف کے علاوہ ایوان کے قواعد کی خلاف ورزی کے سبب وہ چیف منسٹر کے خلاف تحریک مراعات پیش کررہے ہیں۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اسپیکر سے خواہش کی کہ آئندہ چیف منسٹر کو قائد ایوان کے بجائے ’’قائد منقسم ایوان‘‘ سے مخاطب کیا جائے۔