جگتیال 3 جون ( این ایس ایس ) سی ایل پی ڈپٹی لیڈر ٹی جیون ریڈی نے آج کہا کہ سابقہ کانگریس حکومتوں نے پانچ دہوں کے اقتدار میں جملہ 56,000 کروڑ روپئے قرض لیا تھا جبکہ موجودہ ٹی آر ایس حکومت نے صرف چار سال میں 1.40 لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کیا ہے ۔ یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جیون ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر ریاست کو قرض کے دلدل میں پھنسا دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ انہوں نے ریاست کو بنگارو تلنگانہ بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن قرض میں ڈبو دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن بیروزگار نوجوانوں کو انہوں نے مایوس کردیا ہے ۔ ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے نا ممکن وعدے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے وعدہ کو پورا کرنے کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا ۔