چیف منسٹر نے ایک بھی انتخابی وعدہ پورا نہیں کیا : ملو روی کا الزام

حیدرآباد 28 ڈسمبر ( این ایس ایس ) سابق رکن پارلیمنٹ و تلنگانہ پردیش کانگریس کے نائب صدر ملو روی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گذشتہ انتخابات میں کئے گئے ایک بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا ہے ۔ وزیر صحت سی لکشما ریڈی کی جانب سے ہر مرتبہ ’ سابقہ حکومتوں ‘ کا لفظ استعمال کئے جانے پر ملو روی نے کہا کہ وزیر موصوف کو یاد رکھنا چاہئے کہ ٹی آر ایس حکومت بھی تین بجٹ پیش کرچکی ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملو روی نے کہا کہ عوام ٹی آر ایس حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے بے چین ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹی آر ایس کو اب منعقد ہونے والے کسی بھی انتخاب میں شکست کا سامنا کرنا پڑیگا ۔

آندھرا پردیش کے اکاؤنٹس پر سی اے جی رپورٹ گورنر کو پیش
حیدرآباد 28 ڈسمبر ( پریس نوٹ ) ڈپٹی اکاؤنٹنٹ جنرل ایم وی ستیہ نارائنا کے ایک پریس نوٹ کے بموجب ریاستی حکومت کے اکاؤنٹس سے متعلق کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ گورنر کو پیش کرنی ہوتی ہے ۔ اس کے پیش نظر حکومت آندھرا پردیش کے فینانس اکاؤنٹس و اخراجات اکاؤنٹس کی رپورٹ گورنر کو آج 28 ڈسمبر کو پیش کردی گئی ۔