حیدرآباد۔/2مارچ، ( سیاست نیوز) دریائے گوداوری پر تعمیر کئے جانے والے آبپاشی پراجکٹس کے معاہدات کیلئے چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر دیویندر فڈ نویس نے ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مہاراشٹرا آنے کی دعوت دی ہے اور اس سلسلہ میں چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر دیویندر فڈنویس نے آج سیل فون پر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے تفصیلی بات چیت کی اور 7مارچ کو مہاراشٹرا آنے کی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے خصوصی خواہش کی۔ چیف منسٹر کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ 8 مارچ کو کالیشورم اور لوئیر پین گنگا پراجکٹ کیلئے معاہدات کے دستاویزات پر دونوں ریاستیں مہاراشٹرا اور ریاست تلنگانہ اپنی دستخطیں ثبت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دورہ مہاراشٹرا کے موقع پر وزیرآبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ، پرنسپال سکریٹری محکمہ آبپاشی مسٹر سی کے جوشی بھی چیف منسٹر کے ہمراہ دورہ میں شامل رہیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ معاہدات کے دستاویزات کی تیاری کیلئے محکمہ آبپاشی کے بعض اہم عہدیدار چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مہاراشٹرا روانگی سے قبل ہی مہاراشٹرا پہونچیں گے اور ان عہدیداروں میں بعض ممتاز ماہرین اُمور آبپاشی بھی شامل رہیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں ریاستوں مہاراشٹرا و ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹروں کی جانب سے کئے جانے والے معاہدات کی روشنی میں آئندہ دنوں میں کالیشورم اور لوئیر پین گنگا پراجکٹس کے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا ہوگی بلکہ عاجلانہ طور پر پراجکٹس کی تکمیل یقینی ہوسکے گی۔