ممبئی 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )دیویندر فرنویس نے بحیثیت چیف منسٹر مہاراشٹرا ممبئی میں منعقدہ ایک شاندار عوامی تقریب کے دوران حلف لے لیا۔ اس طرح وہ مہاراشٹرا کے اولین بی جے پی چیف منسٹر بن گئے۔ گورنر مہاراشٹرا سی وی راو نے 44 سالہ فرنویس کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں عہدہ اور رازداری کا حلق دلایا۔ تقریب حلف برداری میں30 ہزار سے زیادہ افراد شریک تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، صدر بی جے پی امیت شاہ ،کاروباری،فلم اور اسپورٹس کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ شیو سینا کے صدر اودھو ٹھاکرے نے تقریب حلف برداری میںشریک ہوکر شیو سینا کی ناراضگی دور ہونے کا اشارہ دیا۔ قبل ازیں دن میں شیو سینا کہہ چکی تھی کہ فرنویس حکومت کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے جبکہ صدر بی جے پی امیت شاہ نے اودھو ٹھاکرے سے ملاقات کی تھی۔ امیت شاہ اور نامزد چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے شیو سینا کے ناراض صدر سے اودھو ٹھاکرے سے ملاقات کر کے انہیں تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی۔
بی جے پی قائدین کی ملاقات کے بعد شیو سینا اور بی جے پی کے درمیان 10 روزہ صف آرائی اختتام پذیر ہوئی اور اودھو ٹھاکرے نے تقریب حلف برداری کے مقاطعہ کا اپنا سابقہ فیصلہ واپس لے لیا ۔ شیو سینا رکن پارلیمنٹ انیل دیسائی کے بموجب قومی صدر بی جے پی امیت شاہ اور مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے اودھو ٹھاکرے سے بات چیت کرکے انہیں حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی اور تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے کی بھی خواہش کی ۔ہندوستان ٹائمس سے بات چیت کرتے ہوئے دیسائی نے کہا کہ ارون جیٹلی اور امیت شاہ کی اودھو جی سے ملاقات کے بعد اختلافات دور ہوچکے ہیں وہ تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ آئندہ مذاکرات بلا رکاوٹ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ وزارتی قلمدانوں کے بارے میں تفصیلات سے بات چیت نہیں ہوئی لیکن آئندہ چند دنوں میں اس کا فیصلہ کرلیا جائے گا۔
شیو سینا نے اصرار کیا ہے کہ اسے قابل احترام مفاہمت کی خواہش ہے۔انہوں نے 63 نشستیں بی جے پی کے حوالے کردی ہیں جس کی صرف 123 نشستیں تھیں اور اکثریت کیلئے اسے مزید 22 نشستوں کی ضرورت تھی۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری راجیو پرتاب روڈی نے کل کہا تھا کہ شیو سینا کے وزراء کی کل کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا امکان کم ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ تاہم مسقبل میں ممکن ہے کہ شیو سینا مخلوط حکومت میں شامل ہوجائے۔ وزیر اعظم اور صدر بی جے پی کے علاوہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں کے کئی چیف منسٹرس تقریب حلف برداری میں موجود تھے ۔ شیو سینا اور بی جے پی میں صف آرائی این سی پی کی وجہ سے تھی جس نے فرنویس حکومت کی غیر مشروط تائید کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا کہ شیو سینا کی حکومت میں شمولیت پربھی اسے کوئی اعتراض نہیںہوگا ۔ صرف تحریک اعتماد پر رائے دہی کے وقت این سی پی ایوان سے غیر حاضر رہے گی۔ تاہم فرنویس حکومت کو مہاراشرٹا عوام کے مفادات کے پیش نظر این سی پی کی تائید جاری رہے گی ۔ شیو سینا کا چند اہم وزارتی قلمدانوں پر ادعا تھااور یہ قلمدان حاصل نہ ہونے کی صورت میں وہ حکومت میں شامل ہونے اور بی جے پی حکومت کی تائید سے انکار کررہی تھی۔