حیدرآباد /6 جون ( این ایس ایس ) سمیتا سبھروال نے جنہیں چیف منسٹر کی پیشی میں ایڈیشنل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے ، آج مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے سکریٹریٹ میں واقع ان کے چیمبرس میں ملاقات کی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ سمیتا سبھروال نے اپنے عہدہ پر چیف منسٹر سے تشکر و ممنونیت کا اظہار کیا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ سمیتا سبھروال کو اس اہم عہدہ کے ساتھ چیف منسٹر کی پیشی کو محض اس لئے منتقل کیا گیا ہے کہ کے سی آر اس بات کے خواہاں ہیں کہ ان کے حکومت کے مختلف فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی پروگراموں پر عمل آوری کیلئے میدک کے مزید کسی ایک عہدیدار کی خدمات سے استفادہ کیا جائے ۔ قبل ازیں سمیتا سبھروال میدک کی ضلع کلکٹر تھیں جن کی کسی اور نے نہیں بلکہ خود چیف منسٹر نے گجوال میں منعقدہ اجلاس میں بھرپور ستائش کی ۔ سمیتا اگرچہ چیف منسٹر کی پیشی تک رسائی کیلئے اپنے راہ ہموار کرچکی ہیں لیکن کے سی آر کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے انہیں سخت محنت کرنا ہوگا جو آسان نہیں ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے اپنی پیشی کی نئی اڈیشنل سکریٹری سمیتا سے کہا ہے کہ وہ مصروف ترین شیڈیولڈ میں کام کرنے کیلئے تیار رہیں ۔ باور کیا جاتا ہے کہ کے سی آر نے یہ بھی کہا کہ ’’ تلنگانہ کے عوام میں چونکہ ٹی آر ایس کو اقتدار دیا ہے چنانچہ ہمیں چاہئے کہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے سخت محنت کے ساتھ کام کریں ‘‘ ۔