چیف منسٹر راجستھان کے قافلہ کی گاڑی سے ٹی وی چیانل کے کار کی ٹکر

جئے پور 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے کے قافلے میں شامل ایک گاڑی سے آج ایک ٹی وی چیانل کی کار ٹکرا گئی جبکہ وہ دہلی ایرپورٹ سے نیتی ایوگ دفتر کی سمت جارہی تھی۔ چیف منسٹر آفس نے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ بعض مقامات پر حادثات ہوتے ہوتے رہ گئے کیونکہ الیکٹرانک میڈیا دہلی ایرپورٹ سے نیتی ایوگ کی سمت وسندھرا کی روانگی کے دوران تعاقب کرتے رہے۔ بے قابو ڈرائیونگ سے دو مقامات پر تو ٹریفک مسدود ہوگئی جبکہ بعض ٹی وی چیانلس کا عملہ چیف منسٹر کے قافلہ میں گھسنے کی کوشش میں تھا۔ بیان میں یہ الزام عائد کیا گیا کہ ٹیلی ویژن چیانل کا عملہ لاپرواہی اور تیز رفتاری کے ساتھ گاڑیاں چلارہا تھا اور میڈیا کو یہ مشورہ دیا گیا کہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کا خیال رکھیں۔ کیونکہ ہم آپ لوگوں کیلئے فکرمند رہتے ہیں اور جب آپ کے سوالات کا جواب چاہتے ہیں ہم پریس کانفرنس اور صحافتی بیانات جاری کرتے ہیں۔ چونکہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور وہ اپنے فرائض کا پابند ہے جس میں دخل اندازی نہیں کی جائے گی۔