چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی کا دورہ حیدرآباد

حیدرآباد 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر جموں و کشمیر محترمہ محبوبہ مفتی سعید توقع ہے کہ جاریہ ماہ ڈسمبر کے اختتام سے قبل حیدرآباد کا دورہ کریں گی۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ محترمہ محبوبہ مفتی شہر حیدرآباد میں جموں و کشمیر کے ٹورازم پروموشن (سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے) کے ایک حصہ کے طور پر 28 ڈسمبر کو شہر حیدرآباد پہونچیں گی اور اسی دن چیف منسٹر جموں و کشمیر اپنے ہم منصب چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے سیاحتی شعبہ کی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گی۔ اسی ذرائع کے مطابق چیف منسٹر جموں و کشمیر اپنے دورہ حیدرآباد کے موقع پر ہوٹل آئی ٹی سی شیرٹن گرانڈ کاکتیہ میں قیام کریں گی۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ اپنے ہم منصب چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی کے اعزاز میں 28 ڈسمبر کو پرگتی بھون میں ’’لنچ‘‘ کا اہتمام کریں گے۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی 29 ڈسمبر کو حیدرآباد سے جموں و کشمیر کیلئے روانہ ہوجائیں گی۔