چیف منسٹر جائیداد ٹیکس کی معافی کے ذریعہ رائے دہندوں کو راغب کرنے کوشاں

جی ایچ ایم سی انتخابات کے لیے پارٹی کے اہم قائدین اسمبلی حلقہ جات کے لیے انچارجس مقرر
حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری : ( ایجنسیز ) : تلنگانہ راشٹرا سمیتی جی ایچ ایم سی انتخابات سے قبل غریبوں کے لیے جائیداد ٹیکس معاف کرتے ہوئے شہر کے رائے دہندوں کو راغب کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ حالیہ دنوں میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے شہری رائے دہندوں کے دل جیتنے اور جی ایچ ایم سی ، ورنگل ، کھمم میونسپل کارپوریشنس کے علاوہ ریاست میں دیگر میونسپل کارپوریشنس اور بلدیات میں پارٹی کے موقف کو مستحکم بنانے کے لیے کئی فیصلے کئے ہیں ۔ جہاں از سر نو حد بندی کے بعد انتخابات منعقد ہونے والے ہیں ۔ مسٹر راؤ حیدرآباد کے لیے بڑے پیمانے پر فلاحی و ترقیاتی پروگرامس کے علاوہ موثر پولیس اقدامات کے ذریعہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے تمام تر کوشش کررہے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی انتخابات کو دی جانے والی اہمیت کے ایک اشارہ میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے شہر حیدرآباد کے جی ایچ ایم سی حدود میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم کے لیے کل پارٹی کے ٹاپ لوگوں کو اسمبلی حلقہ جات میں انچارجس کے طور پر مقرر کیا ہے ۔ جس میں چیف منسٹر نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کو حلقہ جات اسمبلی ملک پیٹ ، یاقوت پورہ ، چارمینار ، چندرائن گٹہ ، بہادر پورہ ، نامپلی کے لیے انچارج مقرر کیا ہے ۔ انہوں نے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کو بھی مشیر آباد ، عنبر پیٹ ، گوشہ محل ، ایل بی نگر ، خیریت آباد حلقوں کے لیے انچارج مقرر کیا ہے ۔ غریبوں کے لیے جائیداد ٹیکس کی معافی اور جرمانہ سود کی معافی بھی ۔ سرکاری اراضی پر قبضہ کو 125 مربع گز تک مفت میں باقاعدہ بنانے کی تجویز ، جائیداد ٹیکس کی معافی کے لیے اہل افراد سے صرف ایک روپئے کی علامتی وصولی ، شہری امکنہ اسکیم ، ڈرینج سسٹم دوبارہ ماڈلنگ ، سڑکوں کو بہتر بنانے اور نئی سڑکوں کی تعمیر کے مجوزہ کام شہر کے رایء دہندوں کے دل جیتنے کی حکمت عملی کے سلسلہ میں ہیں ۔ نئی دہلی روانہ ہونے سے قبل چیف منسٹر نے گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس قائدین کا ایک اجلاس طلب کیا تھا لیکن پی آر سی کے اعلان کے باعث اس کو چھوڑ کر چلے گئے اور اس کام کی ذمہ داری ٹی آر ایس کے جنرل سکریٹری کے کیشو راؤ ، محمد محمود علی ، این نرسمہا ریڈی ، پدما راو ، اور سرینواس یادو کے تفویض کی ۔ مسٹر کیشو راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس نے پارٹی کی رکنیت سازی مہم کی نگرانی کے لیے ایک عارضی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کی جانب سے ٹی آر ایس کی تائید و حمایت کی جارہی ہے اور اسے جی ایچ ایم سی انتخابات اور دیگر انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل ہوگی ۔۔