چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر وزیراعظم مودی کے مخبر

بی جے پی کی تائید کے لیے فیڈرل فرنٹ کی تشکیل کا الزام ، پنالہ لکشمیا سابق صدر پی سی سی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا نے چیف منسٹر کے سی آر کو وزیراعظم نریندر مودی کا مخبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی تائید کے لیے فیڈرل فرنٹ تشکیل دینے کا الزام عائد کیا ۔ آج دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پنالہ لکشمیا نے کہا کہ جھوٹے وعدوں سے تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے والے کے سی آر نے 4 سال تک عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے اور مرکز میں دوبارہ فرقہ پرست بی جے پی کے لیے ماحول سازگار بنانے کے لیے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر وزیراعظم نریندر مودی کے مخبر بن کر فیڈرل فرنٹ کو تشکیل دینے میں مصروف ہے ۔ کرناٹک میں جے ڈی ایس کی تائید بھی اسی سازش کا ایک حصہ ہے ۔ 4 سال تک کے سی آر نے مودی کے ہر فیصلے کی تائید کی ۔ بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت عوامی تائید سے محروم ہوگئی ہے ۔ راست طور پر بی جے پی کو فائدہ پہونچانے اور کانگریس کے اقتدار کی طرف بڑھتے ہوئے قدم کو روکنے کے لیے ملک کے مختلف شہروں کا دورہ کرتے ہوئے کے سی آر فیڈرل فرنٹ تشکیل دینے کے لیے سرگرم رول ادا کررہے ہیں ۔ کل انہوں نے چینائی کا دورہ کیا کروناندھی اور اسٹالن سے ملاقات کی ۔ مگر کانگریس کے بغیر فیڈرل فرنٹ کی تشکیل کو اسٹالن نے ناممکن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ۔ اس طرح کولکتہ پہونچکر چیف منسٹر ممتا بنرجی سے ملاقات کی گئی ۔ ممتا بنرجی نے بھی بی جے پی سے مقابلہ کے لیے کانگریس کے بغیر فرنٹ کی تشکیل کو غیر مناسب قرار دیا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ سے بات کرنے والے سابق چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین نے دہلی پہونچکر کانگریس کے صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے انہیں چیف منسٹر اڈیشہ سے ملاقات کے لیے دعوت وصول ہونے کا دعویٰ کیا ۔ دوسرے دن چیف منسٹر نوین پٹنائک نے ملاقات کے لیے دعوت دینے کی تردید کرتے ہوئے صرف ان کی ملاقات کرنے کی خواہش کو قبول کرنے کا اعلان کیا ۔ ان کے درمیان سیاسی نوعیت کی کوئی بات چیت نہ ہونے کا بھی دعویٰ کیا ۔ سی پی ایم کے قومی جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے کے سی آر کی جانب سے تشکیل دئیے جانے والے فیڈرل فرنٹ کو موسیٰ ندی قرار دیا ۔ ٹی آر ایس پارٹی اور خاندان میں جاری رسہ کشی سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے چیف منسٹر تلنگانہ فیڈرل فرنٹ کا تماشہ کررہے ہیں جو کبھی کامیاب نہیں ہوگا ۔۔