انتخابی وعدوں کو فراموش کرنے پر سخت تنقید ، سوامی اگنی ویش و دیگر کا کنونشن سے خطاب
حیدرآباد۔11مئی(سیاست نیوز)ممتاز سماجی جہدکار سوامی اگنی ویش نے تلنگانہ حکومت کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نریندر مودی حکومت کی طرز پر کام کرنے کا چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو پر الزام عائد کیا۔ سندریا وگنان کیندرم ‘ باغ لنگم پلی میںتلنگانہ یونائٹیڈ فرنٹ کے ریاستی کنونشن میںمہمان مقرر کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تلنگانہ حکومت کو اپنے انتخابی وعدوں کو فراموش کرتے ہوئے کارپوریٹ شعبہ کے لئے کام کرنے والی حکمران جماعت کا درجہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ تحریک کے دوران ورنگل اور سدی پیٹ میں منعقدہ جلسہ عام میں جن باتوں کی نشاندہی کے ذریعہ آندھرا ئی حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا آج وہی چیزیں ریاست کی برسراقتدار حکمران جماعت ٹی آر ایس کے صدر دوہرا رہے ہیں۔سوامی اگنی ویش نے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کے باوجود آج بھی نئی ریاست میں کسان خودکشی کررہے ہیں اور مزدور پیشہ طبقات پریشان حال زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ مذکورہ ریاستی کنونشن کی نگرانی صدر ٹی یو ایف ویملا اکا نے کی جبکہ پروفیسر کودنڈارام‘ پروفیسر جئے دھیر ترومل رائو‘ سماجی جہدکار پی یادگیری‘ایچ آر جہدکار جیون کمار‘ صدر ویلفیر پارٹی تلنگانہ شفیع اللہ قادری‘ سریدھر دھرماصنم‘محترمہ صغرا بیگم‘تلنگانہ لوک ستہ ناگ راج کے علاوہ دیگر نے بھی اس کنونشن سے خطاب کیا۔ سوامی اگنی ویش نے کہاکہ تلنگانہ میں جہاں پر پسماندگی کے شکار طبقات کی اکثریت موجود ہے وہا ںپر لینڈ ‘ شراب‘ رائیل اسٹیٹ مافیا کے ہاتھوں میںاقتدار کی باگ ڈور ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک ریاست تلنگانہ میںمعاشی طور پر پسماندگی کا شکار طبقات کے ساتھ انصاف نہیںہوگا تب تک تلنگانہ کے دانشور طبقے پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ علیحدہ تلنگانہ تحریک کی طرح اپنی مہم جاری رکھے۔انہوں نے تلنگانہ یونائٹیڈ فرنٹ کی جانب سے نوا تلنگانہ کی شروع کی گئی تحریک کا تعاو ن کرنے کی تلنگانہ عوام سے اپیل کی۔پروفیسرکودنڈارام نے تلنگانہ کی ترقی کے لئے تمام طبقات کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔انہوں نے عوام او رحکومت کے درمیان رابطہ قائم کرنے کی ِضرورت پر زور دیا ۔ کودنڈارام نے نوا تلنگانہ اور سماجیکا تلنگانہ کے تمام نعروں کی بھر پور تائیدوحمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں پسماندگی کاشکار طبقات کے ساتھ یکساں سلوک ہی علیحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کے مقاصد کی کامیابی ہوگی۔ایچ آر جہدکار جیون کمارنے تلنگانہ حکومت کو دھشت گردی اور نکسلز م کے نام پر دلت اور مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کیا اور کہاکہ تلنگانہ تحریک میںمکمل حصہ داری کے باوجود مذکورہ طبقات آج بھی انصاف سے محروم ہیں۔ پی یادگیری نے کہاکہ تلنگانہ اور آندھرا چیف منسٹروں کے درمیان میںایک دوسرے پرسبقت کے لئے کشتی جاری ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ دونوں حکومتیں ریاست کے عام لوگوں کے جذبات کو یکسر فراموش کرتے ہوئے تلنگانہ اور آندھرا ریاستوں کو کارپوریٹ شعبوں کے ہاتھوں فروخت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔صدر ٹی یو ایف ویملا نے کنونشن کے شرکاء کااس موقع پر شکریہ ادا کرتے ہوئے نوا تلنگانہ تحریک کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی۔کلچرل تنظیم اروندیاکے نے کلاکاروںانقلاب گیت پیش کرتے ہوئے شہدائے تلنگانہ کو خراج بھی پیش کیا۔