این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند کے ادخال درخواست میں شرکت
حیدرآباد۔/22جون، ( سیاست نیوز) این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر موجودگی کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نئی دہلی پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے آج دہلی میں پارٹی ارکان پارلیمنٹ اور قائدین کے ساتھ صدارتی امیدوار کے مسئلہ پر مشاورت کی۔ چیف منسٹر نے وزیر اعظم سے اپنی حالیہ ملاقات کے دوران کسی دلت قائد کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ چیف منسٹر نے پارٹی ارکان پارلیمنٹ اور قائدین کو بتایا کہ وزیر اعظم نے ان کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے پارلیمانی پارٹی کو دلت قائد رام ناتھ کووند کے نام پر راضی کرلیا۔ نئی دہلی پہنچنے کے بعد پارٹی رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی نے بتایا کہ پارلیمنٹ کے سکریٹری جنرل کے پاس کل رام ناتھ کووند کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر کے سی آر موجود رہیں گے۔ اس موقع پر دیگر ارکان پارلیمنٹ بھی شریک ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر کے سی آر کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات ہوسکتی ہے کیونکہ نریندر مودی اس موقع پر موجود رہیں گے۔ کے سی آر اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے بعض اُمور پر وزیر اعظم سے گفتگو کے خواہاں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ دلت قائد کو صدر جمہوریہ کے عہدہ کیلئے نامزد کرنے پر اظہار تشکر کریں گے۔ چونکہ دلت قائد کی تجویز چیف منسٹرکی جانب سے پیش کی گئی سب سے پہلے تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے کووند کی تائید کا اعلان کیا لہذا این ڈی اے نے ٹی آر ایس کو کووند کے حق میں دوسرا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا موقع دیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ پرچہ نامزدگی کا پہلا سیٹ داخل کریں گے جبکہ ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی پرچہ نامزدگی کا دوسرا سیٹ داخل کریں گے۔ اس طرح این ڈی اے اور ٹی آر ایس کی بڑھتی قربتوں کا بھی اشارہ ملتا ہے۔ چیف منسٹر نئی دہلی میں اپنے قیام کے دوران بعض مرکزی وزراء سے ملاقات کرسکتے ہیں۔