چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اقلیت دوست، تعلیمی حالات سدھارنے سنجیدہ

آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کا اجلاس، قومی تعلیمی کانفرنس پر غورو خوض
حیدرآباد۔/26مارچ، ( سیاست نیوز) آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی تلنگانہ ؍ اے پی یونٹ کو اس سال قومی کانفرنس کے انعقاد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور سوسائٹی 1976 میں تاریخی تعلیمی کانفرنس کا ریکارڈ رکھتی ہے، جس میں اس وقت کے صدر جمہوریہ ڈاکٹر فخر الدین علی احمد، دلیپ کمار، سائرہ بانو اور کئی سرکردہ عظیم شخصیات نے شرکت کی تھی۔ اس کانفرنس کے کئی ثمرآور اور دوررس نتائج برآمد ہوئے، حیدرآباد اور اضلاع میں مسلم تعلیمی ادارے کے قیام کی راہ بھی ہموار ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار جناب آصف پاشاہ صدر نشین مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی نے یہاں علیگڑھ کلب بلڈنگ میں اہم اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ اس کے مہمان خصوصی جناب فرید الدین ایم ایل سی نے شرکت کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ ایم ای ایس کے کاموں کیلئے بھرپور اشتراک کرے گی۔ انہوں نے مجوزہ آل انڈیا تعلیمی کانفرنس کیلئے سرکاری سطح پر اپنے مکمل تعاون کا پیشکش کیا اور کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیت دوست ہیں اور وہ اقلیتوں کے تعلیمی حالات کو سدھارنے اور بڑھانے سنجیدہ ہیں۔ اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے تعلیمی کاز میں سرگرم عمل شخصیات کو اپنے خدمات جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔ جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ نے موجودہ حالات کے تناظر میں مسلم تعلیمی کانفرنس کو بامقصد بنانے اور اس سے ملک بھر کے مسلم اقلیتوں کو پیام دینے کا پلیٹ فارم بنانے پر زور دیا ۔ملک اور دنیا کے موجودہ حالات مسلمانوں کیلئے درپیش ہیں ۔ ان حالات میں ملت کی رہبری کرنے اور پست ہمتی اور حوصلہ شکنی کے بجائے ہمت اور حوصلہ کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پروفیسر مسعود احمد خان نے اسکولی سطح کے طلبہ کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اپنی تجاویز پیش کرنے والوں میں پروفیسر انور الدین، ڈاکٹر شیخ سیادت علی، اسلم نذیر، مرزا عبداللہ بیگ، خلیل الرحمن، ایم اے حمید، عابد فراز، منیر الدین علوی، محمد معز تھے۔ اس موقع پر قطب اللہ پور علاقہ کے اسکول کے ذمہ داروں نے مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کی رکنیت حاصل کرتے ہوئے اس کاروان میں شرکت کا اعلان کیا جس کا سکریٹری ایم ایس فاروق نے خیرمقدم کیا۔ قرأت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ اجلاس میں ارکان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔