شہداء کی روح کو ٹھیس ، کے وینکٹ ریڈی کانگریس رکن اسمبلی کا بیان
حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر کے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ انہیں دیکھ کر تلنگانہ ریاست کی تشکیل پر افسوس ہورہا ہے ۔ اسمبلی حلقہ نلگنڈہ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے سینئیر رکن اسمبلی مسٹر کے وینکٹ ریڈی جنہوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لیے کرن کمار ریڈی کی وزارت سے استعفیٰ دیا تھا اور ابتداء سے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی تائید کررہے تھے اچانک ہی یو ٹرن لے لیا ہے اور چیف منسٹر تلنگانہ کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس مقصد کے لیے علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کیا گیا ہے ۔ اس کو پورا کرنے کے بجائے چیف منسٹر صرف اپنی بقاء اور سیاسی مفاد پرستی کے لیے فیصلے کرتے ہوئے تلنگانہ کے لیے جان کی قربانیاں دینے والے نوجوانوں اور طلبہ کی روح کو تکلیف پہونچا رہے ہیں ۔ ورنگل میونسپل کے مجوزہ انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے تین دن تک چیف منسٹر نے ورنگل میں قیام کیا اور گریٹرحیدرآباد کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر حسین نگر جھیل کے اطراف آسمان چھوتی عمارتیں تعمیر کرنے اور بغیر سگنل کے فلائی اوور تعمیر کرنے کا اعلان کررہے ہیں تو ہم پرستی کے معاملے میں ساری حدیں پار کرلی ہیں ۔ چیسٹ ہاسپٹل کو وقار آباد منتقل کرنے اور سکریٹریٹ کو چیسٹ ہاسپٹل میں منتقل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری خزانے کو لٹانے کی تیاری کررہے ہیں ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ چیف منسٹر بھول رہے ہیں عوام انہیں اقتدار سونپ سکتے ہیں تو اقتدار سے بیدخل بھی کرسکتے ہیں ۔ چیف منسٹر کے ان فیصلوں سے عوام میں حکومت کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے جو بہت جلد بغاوت میں تبدیل ہوجائے گی ۔۔