چیف منسٹر اے پی کی علی بابا گروپ سے ملاقات

ریاست کی تیز رفتار ترقی اور اقدامات پر بات چیت ، چندرا بابو
حیدرآباد /25 جنوری ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے پرزور الفاظ میں کہا کہ شہر حیدرآباد میں ’’ مائکرو سافٹ کمپنی ‘‘ کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے انہیں کافی کوشش کرنی پڑی اور بالاخر وہ اس کمپنی یعنی مائیکرو سافٹ کمپنی کو قائم کروانے میں کامیابی حاصل کی ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے آج ’’ علی بابا گلاوڈ کمپنی ‘‘ کے صدرنشین سائمن ہو سے ملاقات کی ۔ بعد ازاں چیف منسٹر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے علی بابا گروپ سے ملاقات کرنے کی ان کی دیرینہ خواہش آج پوری ہوگئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ علی بابا گروپ سے ہمارے ساتھ ملکر کام کرنے کی خواہش کی ہے اور بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی بشمول آندھراپردیش کے افراد آئی ٹی شعبہ ( انفارمیشن ٹکنالوجی شعبہ ) میں کافی طاقتور موقف رکھتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ہندوستانی ا فراد انگریزی اور حساب میں کافی مہارت رکھتے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم مسٹر اٹل بہاری واجپائی کی زیر قیادت سابق حکومت میں ٹیلیکام شعبہ کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہوئی اور یہی عمل انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبہ میں بڑے پیمانے تبدیلی کا باعث بنا۔ انہوں نے آندھراپردیش کی تیز رفتار ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست آندھراپردیش کو ترقی دینے کیلئے عصری فنی طریقوں کو روبہ عمل لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ دوردراز علاقوں تک انٹرنیٹ کی سہولتیں فراہم کرنا ہی ان کی حکومت کا اہم مقصد ہے ۔