عام انتخابات میں رگنگ اور حملہ واقعہ پر بات چیت
حیدرآباد /17 اپریل ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش میں منعقدہ انتخابات کے موقع پر حلقہ اسمبلی متناپلی کے ایک مرکز رائے دہی پر اسپیکر اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین کی جانب سے کئے گئے حملہ کے واقعہ کے بعد پہلی مرتبہ ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے آج چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور واقعہ کی مکمل تفصیلات سے مسٹر چندرا بابو کو واقف کروایا اور بتایا کہ وائی ایس آر پارٹی قائدین و کارکن بڑے پیمانے پر رگنگ کی اطلاعات پر وہ مرکز رائے دہی پر جیسے ہی پہونچے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے کارکنوں و قائدین نے ان پر حملہ کردیا اور ان کا شرٹ چاک کردینے کے علاوہ کار کو بھی نقصان پہونچایا ۔ اور پولیس سے شکایت کرنے پر پولیس نے ان پر حملہ کرنے والے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کارکنوں کو گرفتار کرلیا ۔ علاوہ ازیں مرکز رائے دہی پر قبضہ کرلینے کی گذشتہ دن وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین کی جانب سے کی گئی شکایت پر پولیس نے ان کے خلاف بھی کیس درج کیا اور صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بھی منصوبہ بند انداز میں گورنر آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کرکے متناپلی واقعہ پر پولیس کے رویہ کے خلاف یادداشت پیش کی ۔ اس موقع پر صدر تلگودیشم پارٹی آندھراپردیش مسٹر کلاوینکٹ راؤ ڈی اوما مہیشور راؤ و دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔