چیف سکریٹری آندھرا پردیش کی مرکزی معتمد داخلہ سے ملاقات

حیدرآباد 27 نومبر ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے چیف سکریٹری وی آر کرشنا راؤ نے مرکزی معتمد داخلہ مسٹر انیل گوسوامی سے ملاقات کی اور آندھرا پردیش تنظیم جدید بل میں دئے گئے تیقنات پر عمل آوری کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا ۔ اے پی انفارمیشن سنٹر کے ایک اعلامیہ کے بموجب مسٹر راؤ نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے مابین سابقہ ریاست کے اثاثہ جات اور واجبات کی تقسیم کا مسئلہ بھی اٹھایا ۔ انہوں نے سکریٹری محکمہ اعلی تعلیم سے بھی ملاقات کی اور مذکورہ قانون میں تیقنات کے مطابق آندھرا پردیش میں سات تعلیمی ادارے قائم کرنے کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری سے بھی ملاقات کی اور سائیکلون ہدہد سے متاثرہ افراد کی باز آبادکاری کیلئے فنڈز کی اجرائی کی بھی اپیل کی ۔