عرس شریف حضرت سعد اللہ حسینیؒ کی تقاریب کا جائزہ ، زائرین کو سہولتیں اور ترقیاتی منصوبے
حیدرآباد۔30 مارچ (سیاست نیوز) نظام آباد میں درگاہ حضرت سعد اللہ حسینیؒ بڑا پہاڑ کی عرس تقاریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ ایم اے منان فاروقی 31 مارچ کو نظام آباد کا دورہ کریں گے۔ سی ای او کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد کسی اوقافی ادارے کو یہ ان کا پہلا دورہ ہے۔ درگاہ حضرت سعد اللہ حسینیؒ کے انتظامات کو عہدیداروں کی کمیٹی کے سپرد کیا گیا ہے تاکہ عوام کو مجاوروں کی ہراسانی سے بچایا جاسکے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بتایا کہ مختلف محکمہ جات کے سرکاری عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کے بعد اگرچہ وقف بورڈ کی سالانہ آمدنی میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن مجاوروں کی جانب سے زائرین کو ہراساں کرنے کی شکایات کا ازالہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں وقف بورڈ کو اس درگاہ سے سالانہ تقریباً 2 کروڑ روپئے کی آمدنی تھی جو اب گھٹ کر 18 تا 20 لاکھ ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ اور ازسرنو ہراج کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔ ایم اے منان کے مطابق وقف بورڈ عرس کے موقع پر ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ میں زائرین کے لیے مزید سہولتوں کے سلسلہ میں ایک ترقیاتی منصوبے کو قطعیت دی گئی ہے۔ اس منصوبہ پر عمل آوری کے بعد نہ صرف سہولتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ آمدنی بھی بڑھے گی۔ زائرین کے لیے رہائشی انتظامات اور پارکنگ کے وسیع تر انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے انتظامات کے سلسلہ میں ہراج کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں بورڈ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کی آمدنی میں اضافہ ان کی اولین ترجیح ہے اور منشا وقف کے مطابق آمدنی کو خرچ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ نظام آباد سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزیر پوچارم سرینواس ریڈی نے بڑا پہاڑ درگاہ میں مجاوروں کی ہراسانی کی شکایات پر مداخلت کرتے ہوئے عہدیداروں کی کمیٹی کی تشکیل میں اہم رول ادا کیا ہے۔