نئی دہلی 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم کی زیر قیادت سلیکشن کمیٹی کا اجلاس آج چیف آف سنٹر انفارمیشن کمیشن اور سنٹرل ویجلنس کمیشن کے تقرر پر قطعی فیصلہ کرنے سے قاصر رہا ۔ اس مسئلہ پر بہت جلد ایک اور اجلاس طلب کیا جائے گا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ سلیکشن کمیٹی کا اجلاس وزیر اعظم کی قیامگاہ پر منعقد ہوا ۔ جس میں وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ‘ وزیر فینانس ارون جیٹلی ‘لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھرگے اور مملکتی وزیر سرکاری عملہ (پرسونل) جتیندر سنگھ نے شرکت کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی بہت جلد انفارمیشن کمشنرس اور ویجلنس کمشنرس کے ناموں کو قطعیت دے گی ۔ چیف انفارمیشن کمشنر کا عہد گذشتہ 9 ماہ سے مخلوعہ ہے کیونکہ اس عہدہ پر فائز راجیو ماتھر 22 اگست 2014 کو سبکدوش ہوئے تھے ۔ علاوہ ازیں انفارمیشن کمشنر کے 3 عہدے بھی عرصہ دراز سے خالی ہیں ۔ قانون حق اطلاعات کے مطابق سنٹرل انفارمیشن کمیشن میں ایک سربراہ (چیف ) اور 10 انفارمیشن کمشنرس کا تقرر کیا جاتا ہے جبکہ سنٹرل ویجلنس کمشنر پردیپ کمار اور ویجلنس کمشنر جے ایم گارک کی معیاد گذشتہ سال بالترتیب 28 ستمبر اور 7 ستمبر کو ختم ہوئی تھی ۔ واضح رہے کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے انفارمیشن کمیشن اور ویجلنس کمیشن میں مخلوعہ عہدوں کے تقررات کے مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔