چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار کی برطرفی کا مطالبہ: بھٹی وکرامارکا

ای وی ایم مشینوں پر عوام کو بھروسہ نہیں، بیالٹ پیپر پر الیکشن ضروری
حیدرآباد۔ 24 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں قائد اپوزیشن بھٹی وکرامارکا نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ 2014ء میں ای وی ایم مشینوں میں بے قاعدگیوں کے ذریعہ بی جے پی برسر اقتدار آنے کے الزامات کی وضاحت کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ا لیکشن کمیشن اگرچہ ایک آزاد ادارہ ہے لیکن عوام کے اس ادارے پر شبہات ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ الیکشن کمیشن کی کارکردگی میں عوامی شبہات کو تقویت پہنچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقیافتہ ممالک میں بیلٹ پیپر کے ذریعہ رائے دہی کا سسٹم رائج ہے تو پھر ہندوستان کو بیلٹ پیپر پر رائے دہی سے کیا اعتراض ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم مشینوں پر عوام کو بھروسہ نہیں اور کس پارٹی کو ووٹ دیا گیا اس کا کوئی ثبوت دستیاب نہیں ہے۔ جبکہ بیلٹ پیپر پر عوام اپنے ووٹ کے بارے میں اطمینان حاصل کرسکتے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے اسمبلی انتخابات میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن اپوزیشن کو بارہا توجہ دہانی کے باوجود بے قاعدگیوں کو روکنے میں ناکام ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان سے لاکھوں نام حذف کردیے گئے اور الیکشن کمیشن نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا لیکن افسوس کہ اس غلطی کے لیے ذمہ دار عہدیداروں کی نہ صرف نشاندہی باقی ہے بلکہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ بھٹی وکرامارکا نے انتخابی بے قاعدگیوں پر چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار کو فوری عہدے سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مانگ کی کہ لوک سبھا کے انتخابات بیالٹ پیپر کے ذریعہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم مشینوں کی شفافیت اور ان کے محفوظ ہونے کے بارے میں ملک بھر میں شبہات ثابت ہوچکے ہیں۔