مجلس بلدیہ حیدرآباد کی تقلید پر زور: استفادہ کنندگان سے ایچ ایس برہما کی بات چیت
حیدرآباد 14 فروری (سیاست نیوز) چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا مسٹر ایچ ایس برہما نے آج نامپلی سرائے میں چلائے جارہے 5 روپئے میں کھانے کی اسکیم کا مشاہدہ کیا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چلائی جانے والی اِس اسکیم کی مختلف گوشوں کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے۔ آج چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا نے جی ایچ ایم سی کی اِس اسکیم کا مشاہدہ کرتے ہوئے اِس کی مکمل تفصیلات حاصل کیں۔ نامپلی سرائے میں دوپہر کے کھانے کے لئے قطار میں ٹھہرے افراد کو مسٹر ایچ ایس برہما نے کھانا تقسیم کیا اور کھانے کے معیار کے متعلق اُن سے بالمشافہ دریافت کیا۔ اِس موقع پر اُن کے ہمراہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار بھی موجود تھے۔ بعدازاں مسٹر ایچ ایس برہما نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان بھر میں جی ایچ ایم سی ایک ایسا واحد ادارہ ہے جو غریب افراد کے لئے غذا کا انتظام کررہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کی دیگر بلدیات کو بھی اِس اسکیم کا جائزہ لیتے ہوئے جی ایچ ایم سی کی تقلید کرنی چاہئے تاکہ ملک میں موجود بھوک مری کی صورتحال پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔ اُنھوں نے بتایا کہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے متعلق شہر کے مختلف مقامات پر اِس طرح کے مراکز چلائے جارہے ہیں جوکہ فائدہ بخش ثابت ہورہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا نے کہاکہ اِس طرح کے مراکز کے ذریعہ غریب عوام کو انتہائی کم قیمت پر دو وقت کا کھانا فراہم کیا جانا، اُن کی سب سے بہترین مدد کے مترادف ہے۔ چونکہ غریب عوام کو بھیک مانگتے ہوئے کھانا خرید کر کھانے کی استطاعت نہیں ہوتی اِسی لئے سرکاری طور پر اِس طرح کا انتظام ملک سے غربت کے خاتمہ اور گداگروں کی بازآبادکاری میں بھی انتہائی معاون ثابت ہوسکتا ہے۔