چیرمین ٹرائی کے ڈیٹا بینک عام ہونے کے معاملہ پارلیمنٹ میں گونج

نئی دہلی۔31جولائی (سیاست ڈاٹ نیوز) ٹیلی مواصلات ریگولیٹری اتھارٹی (ٹرائی ) کے صدر آر ایس شرما کا ذاتی ڈاٹا آدھار کے ذریعے عام ہونے کا معاملہ آج لوک سبھا میں گونجا اور حکومت سے لوگوں کے ذاتی ڈاٹا کے تحفظ کے لئے پختہ انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔کانگریس کے کے سی وینو گوپال نے وقفہ صفر میں یہ معاملہ اٹھایا اور کہا کہ خود مسٹر شرما نے اپنی ذاتی اطلاعات عام ہونے کی اطلاع دی ہے ۔ مسٹر شرما کے مطابق ان کی ذاتی اطلاعات آدھار نمبر کے عام ہونے سے لیک ہوئی ہے ۔مسٹر وینو گوپال نے اسے سنگین صور حال بتایا اور کہا کہ ٹرائی جیسے اہم ادارے کے صدر کی ذاتی اطلاعات آدھار میں محفوظ نہیں ہیں تو عام لوگوں کی حالت کا آسانی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے ذاتی اطلاعات عام کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت کو آدھار میں موجود لوگوں کی ذاتی معلومات کو محفوظ رکھنے کے لئے پختہ انتظامات کرنے کے ساتھ قصورواروں کو سخت سزا دے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ذاتی اطلاعات عام ہوں گی تو عالمی مجرموں کی نگاہ اس پر پڑ سکتی ہے اور آدھار نمبر کے ذریعے وہ ذاتی معلومات جمع کرکے بڑے جرم کو انجام دے سکتے ہیں۔