چیرمین و ایم ڈی نمستے تلنگانہ سی ایل راجم کی بی جے پی میں شمولیت

کاروباری مفادات ملحوظ ، راجناتھ سنگھ مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات

حیدرآباد۔/5جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا ترجمان تلگو روز نامہ ’ نمستے تلنگانہ ‘ کے چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر سی ایل راجم نے آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ممتاز صنعتکار سی ایل راجم نے آج نئی دہلی میں بی جے پی کے صدر اور مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ راجناتھ سنگھ اور دیگر بی جے پی قائدین نے ان کا پارٹی میں استقبال کیا۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سی ایل راجم نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقی کے نظریہ اور جذبہ سے متاثر ہوکر انہوں نے بی جے پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ بی جے پی کے ذریعہ عوام کی خدمت کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت ملک کے عوامی مسائل کی یکسوئی کرپائے گی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ تحریک کے آغاز کے ساتھ ہی چندرشیکھر راؤ کے قریبی مانے جانے والے راجم نے تلگو روز نامہ ’ نمستے تلنگانہ‘ کا آغاز کیا تھا۔ اس اخبار نے تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا۔اگرچہ یہ اخبار ٹی آر ایس کا ترجمان ہے تاہم اس میں چندرشیکھر راؤ یا ان کے کسی بھی قریبی فرد کی کوئی سرمایہ کاری نہیں ہے۔ اس کے برخلاف ٹی نیوز چینل کے سی آر کی ملکیت ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سی ایل راجم نے حال ہی میں رائے پور چھتیس گڑھ میں ایک نئے اخبار کی اشاعت کا آغاز کیا ہے اور کاروباری مفادات کے تحت انہوں نے بی جے پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ سیاسی مبصرین راجم کی بی جے پی میں شمولیت کو تلنگانہ حکومت اور نریندر مودی حکومت کے درمیان خوشگوار تعلقات کی مساعی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔