حیدرآباد28 جنوری ( یو این آئی) بھگونت کھوبا رکن پارلیمنٹ نے بیدر ریلوے اسٹیشن میں منعقدہ ایک تقریب میں 6ریلوے اسٹیشنوں بیدر،خانہ پور،کمل نگر،ہلبرگہ،بھالکی اور کلگاپور اسٹیشنوں کے لئے مفت ہائی اسپیڈ وائی فائی کی سہولت کاآغاز کیا۔شالینی راجو صدر میونسپل کارپوریشن بیدر ،ڈی اے سبرامنیم ایڈیشنل ڈیویثرنل ریلوے منیجر سکندرآباد ڈیویثرن ،بیشتر عوامی نمائندے اور ریلوے کے عہدیدار اس موقع پرموجود تھے ۔پین انڈیا سطح پر ڈیجیٹل اقدامات کو فروغ دینے کیلئے وزیراعظم مودی کے ڈیجیٹل انڈیا اقدام کے حصہ کے طور پر ہندوستانی ریلویز تمام اہم ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کررہا ہے ۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے مسٹر بھگونت نے تمام چھ اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی سہولت کی فراہمی پر مسرت کااظہار کیا جو ریلوے استعمال کرنے والے تمام افراد کے لئے کافی فائدہ مند ثابت ہوگا۔مسافرین کے لئے وائی فائی کی خدمات ‘‘ریل وائر’’کے تحت فراہم کی جارہی ہے جو ریل ٹیل کا ریٹیل براڈ بینڈ ڈسٹری بیوشن ماڈل ہے ۔ 6ریلوے اسٹیشنوں بیدر،خانہ پور،کمل نگر،ہلبرگہ ،بھالکی اور کلگاپور اسٹیشن آنے والے تمام افراد اور ریل استعمال کرنے والوں کے لئے وائی فائی سہولت کا آغاز ریل ٹیل کی جانب سے کیا گیا ہے جس کے ذریعہ مسافرین کو ہائی اسپیڈ ،عالمی درجہ کے انٹرنیٹ کا تجربہ فراہم کیاجائے گا۔