چھوٹے تاجرین خانگی فینانسرس کے چنگل میں

فٹ پاتھ پر جگہ کی فراہمی کا ریاکٹ ، پولیس کی سود خوروں کے خلاف مہم کا خیر مقدم
حیدرآباد۔ 2 جون (سیاست نیوز) پرانے شہر میں پولیس کی جانب سے سود خوروں کے خلاف شروع کردہ ازسرنو مہم کا مختلف گوشوں کی جانب سے خیرمقدم کیا جارہا ہے، لیکن پولیس بدنام زمانہ سود خوروں کے ساتھ ساتھ ان کے سرپرستوں پر بھی توجہ مبذول کرے تاکہ اس لعنت کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جاسکے۔ ماہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ پرانے شہر کے مرکزی علاقوں میں فٹ پاتھ پر تجارت کرنے والے چھوٹے تاجرین کو بھاری سود پر رقومات کی اجرائی کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے اور خانگی فینانسرس کی جانب سے بھاری سود پر رقومات حوالے کرتے ہوئے مظالم کا آغاز ہوجاتا ہے، اسی طرح مدینہ بلڈنگ، پتھرگٹی، پٹیل مارکٹ، گلزار حوض، چارمینار، شاہ علی بنڈہ کی مرکزی سڑکوں پر چھوٹے موٹے تاجرین کو جگہ کی فراہمی کے سلسلے میں بہت بڑا ریاکٹ چلایا جاتا ہے۔ اس ریاکٹ کے خاتمہ اور معصوم غریب تاجرین کی فلاح و بہبود کیلئے یہ ضروری ہے کہ محکمہ پولیس ان معاملات پر بھی توجہ مبذول کرے تاکہ عوام کو راحت حاصل ہوسکے۔ سیاسی سرپرستی کے حامل بعض عناصر ان مرکزی علاقوں کی سڑکوں پر ناجائز جگہ فروخت کرتے ہوئے تاجرین کو بھاری سود پر رقومات فراہم کررہے ہیں اور گزشتہ کئی برسوں سے یہ شکایات منظر عام پر آرہی ہیں۔ محکمہ پولیس کی جانب سے سود خوروں کے خلاف مہم کا اعلان کیا گیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران شہری علاقوں میں موجود غنڈہ عناصر سود خوروں اور عادی مجرمین کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی جائے گی۔ گزشتہ یوم ہوئی کارروائی کے بعد پرانے شہر میں موجود عناصر میں خوف و دہشت پیدا ہوچکی ہے اور انہیں اس بات کا خطرہ محسوس ہورہا ہے کہ پولیس ان کے خلاف بھی کارروائی کرسکتی ہے۔ چھوٹے تاجرین جو فٹ پاتھ پر تجارت کے ذریعہ روزگار حاصل کررہے ہیں، نے بھی اعلیٰ عہدیداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہ رمضان المبارک کے دوران فٹ پاتھوں کی فروخت اور سڑک پر کھڑے ہونے کیلئے جگہ کی فراہمی کا ریاکٹ چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرے چونکہ اس ریاکٹ میں بھی کئی ایسے لوگ ملوث ہیں جو نہ صرف بھاری رقومات کے عوض تجارت کیلئے جگہ فراہم کرتے ہیں بلکہ بھاری سود پر رقومات بھی فراہم کرتے ہوئے تاجرین پر ظلم کرتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ساؤتھ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار اس خصوص میں غور کررہے ہیں اور ماہ رمضان المبارک کے دوران تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کئے بغیر ایسے عناصر کے خلاف جو فٹ پاتھ اور سڑک فروخت کرنے کے مرتکب بن رہے ہیں، بڑے پیمانے پر کارروائی کی جائے گی۔