رائے پور 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ کے بستر ڈیویژن میں آج سکیورٹی فورسیس نے 3 نکسلائٹس کو مار گرایا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ضلع بستر میں 2 کیڈر اور بیجاپور میں ایک نکسلائٹ کو فائرنگ میں ہلاک کردیا گیا۔ بستر پولیس سپرنٹنڈنٹ آر این داش نے بتایا کہ برگوم پولیس اسٹیشن علاقہ کے تحت سنگول کے گھنے جنگل میں سکیوریٹی فورسیس کی مشترکہ ٹیم اور ماؤسٹوں کے درمیان آج صبح زبردست مڈبھیڑ ہوگئی۔ قبل ازیں مقامی مخبروں اور ریاستی انٹلی جنس سے یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایک سرکردہ ماؤسٹ لیڈر کا استقبال کرنے کے لئے باغیوں کا ایک گروپ دریائے اندراوتی عبور کرکے وادی بستنار کی سمت جارہا ہے جس کے ساتھ سکیوریٹی پولیس کی مشترکہ ٹیم کو متحرک کردیا گیا اور گھنے جنگل میں ماؤسٹوں نے مزاحمت شروع کردی۔ تقریباً ایک گھنٹہ تک فائرنگ کے تبادلے کے بعد ماؤسٹ فرار ہوگئے۔ جائے وقوع کی تلاشی لینے پر 2 ماؤسٹوں کی نعشیں، 12 بور کا رائفل اور ایک ایس بی ایم ایل گن اور دیگر اشیاء دستیاب ہوئے جبکہ مہلوکین کی شناخت نہیں ہوسکی۔ علاوہ ازیں ضلع بیجاپور میں بیدر سے پولیس اسٹیشن علاقہ کے تحت رینگو اودیہ گاؤں کے قریب دوسرے انکاؤنٹر میں ایک باغی ہلاک ہوگیا۔ علاقہ بیدرے میں پولیس ٹیم تلاشی مہم پر تھی کہ ماؤسٹوں کے ساتھ مڈبھیڑ ہوگئی جبکہ جنگل میں چھپے باغیوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی تھی۔ سکیورٹی فورسیس کی جوابی فائرنگ میں ایک نکسلائیٹ مارا گیا۔