رائے پور۔/13جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) نکسلائیٹس سے متاثرہ چھتیس گڑھ کے علاقہ بیجا پور میں آج 3نکسلائیٹس کمانڈر جن میں سے ایک سر پر10ہزار روپئے انعام کا اعلان کیا گیا تھا کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی۔رائے پور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سکھنندن راٹھور کے مطابق 28سالہ بدرو عرف کریا ہیملا کو آج صبح ہفتہ واری بازار سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ان باغی لیڈروں کو بہرام گڑھ علاقہ میں گرفتار کرلیا ہے۔
خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے مذکورہ ہفتہ واری بازار پہنچ کر ان تینوں کو گھیر لیا اور موقع پر ہی انہیں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق لوکل آپریشن اسکواڈ کا ڈپٹی کمانڈر 28سالہ بدرو مختلف مہلک ترین کارروائیوں میں ملوث تھاجس میں ہفتہ واری بازار میں پولیس جوان کا قتل اور ایک پولیس کانسٹبل کے اغوا کے بعد گذشتہ سال بہرام گڑھ علاقہ میں قتل کرنا شامل ہے۔اس کے علاوہ وہ مدن واڑہ پولیس کیمپ پر فائرنگ میں بھی ملوث تھا۔ بدرو کے سر پر 10ہزار روپئے انعام رکھا گیا تھا جبکہ وٹی راما بھی مختلف مہلک ترین حملوں اور لوٹ مار میں ملوث ہے۔ ایک علحدہ واقعہ میں تالکوٹ ملیشیا آپریشن کمانڈر بلرام ٹامو کو اسوقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ مذکورہ ہفتہ واری بازار میں ضروری اشیاء خریدنے کیلئے آیا ہوا تھا۔ ان تمام کو جیل منتقل کردیا گیا ہے۔