رائے پور ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چھتیس گڑھ کے ضلع بلوڈ میں ایک ویان مخالف سمت سے آنے والی لاری سے ٹکرانے کے بعد الٹ جانے سے 10 خواتین بشمول ایک کمسن لڑکی ہلاک اور دیگر 27 زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ ویان کا ڈرائیور حالت نشہ میں تھا ۔ یہ حادثہ آج صبح دلی راجیرا پولیس اسٹیشن کے حدود میں آرمور کاسا گاؤں کے قریب اس وقت پیش آیا جب میٹاڈور ویان بھیا ہرگاؤں سے دلی راجیرا کی سمت جارہی تھی ۔ ضلع بلوڈ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ شیخ عارف حسین نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ حادثہ کا شکار ویان میں 40 افراد شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جارہے تھے ۔ جس میں خواتین کی اکثریت تھی یہ ویان مخالف سمت سے آنے والی ٹرک سے ٹکرانے کے بعد الٹ جانے سے 10 خواتین بشمول ایک کمسن لڑکی برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ جب کہ 27 زخمیوں میں 5 کی حالت تشویشناک ہے ۔ انہیں فی الفور درگ ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا ۔۔