رائے پور ۔ 27 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چھتیس گڑھ کے ضلع بیجا پور میں آج سیکوریٹی فورسیس اور انتہا پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں ایک خاتون نکسلائٹس ہلاک ہوگئی ۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس اندراکرن نے بتایا کہ اواپلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع جنگلات میں سیکوریٹی فورسیس کے مشترکہ دستہ اور ماویسٹوں کے درمیان طویل انکاونٹر میں ایک خاتون نکسلائٹ کو مار گرایا گیا ۔ دارالحکومت رائے پور سے 400 کلومیٹر دور واقع جنگلات میں ماویسٹوں کے خلاف تلاشی مہم کے لیے ضلع پولیس ، اسپیشل ٹاسک فورس اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ نیندرا گاوں کے قریب گوٹم ہلز کا جب سیکوریٹی فورسیس نے محاصرہ کرلیا تو نکسلائٹس کے ایک گروپ نے اچانک فائرنگ شروع کردی ۔ سیکوریٹی فورسیس نے بھی جوابی فائرنگ کی ۔ ایک گھنٹہ طویل انکاونٹر کے بعد ماویسٹ فرار ہوگئے ۔ انکاونٹر کے مقام کی تلاشی لینے پر ایک خاتون ماویسٹ کی نعش دستیاب ہوئی ۔ جس کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ جائے وقوع سے وہ 3 رائفل روزمرہ کے استعمال کی اشیاء اور لٹریچر برآمد ہوا ۔۔