چھتہ بازار تا پرانی حویلی سڑک کی توسیع کا عنقریب آغاز

مالکین جائیدادوں کیساتھ جی ایچ ایم سی کی بات چیت، مارچ سے حصول جائیداد کا منصوبہ

حیدرآباد۔3فروری (سیاست نیوز) چھتہ بازار سے پرانی حویلی جانے والی سڑک پر بہت جلد سڑک کی توسیع کے کاموں کا آغاز کیا جائے گا اور سڑک کی توسیع کے سلسلہ میں جاری کردہ نوٹسوں کی مدت کے اختتام کے فوری بعد مالکین جائیداد سے مذاکرات کے ذریعہ جائیدادوں کے حصول کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں جن سڑکوں کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں چھتہ بازار سے پرانی حویلی سڑک کی توسیع ترجیحی توسیع کی فہرست میں شامل ہے اسی لئے بہت جلد کاروائی کا آغاز ہونے کا قوی امکان ہے ۔ اس مصروف سڑک پر روزانہ شام اور دوپہر کے علاوہ سہ پہر کے وقت ٹریفک جام کا معمول ہے اسی لئے اس سڑک پر جلد از جلد توسیعی کاموں کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے اسی لئے اس سڑک پر موجود تاجرین اور مالکین جائیدادکو جی ایچ ایم سی کی جانب سے نوٹس جاری کردی گئی ہے لیکن جائیداد مالکین و تاجرین کی جانب سے سڑک کی توسیع کے لئے دی گئی درخواستوں کے خلاف منتخبہ عوامی نمائندوں سے رجوع ہوتے ہوئے اسے رکوانے کی نمائندگی کی گئی تھی مگر سڑک پر شہریوں کو درپیش مسائل کو دیکھتے ہوئے منتخبہ عوامی نمائندوں نے بھی اس سڑک کی توسیع کے ذریعہ علاقہ کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کے عمل کو منظوری دے دی ہے ۔ بلدی ذرائع کا کہناہے کہ ماہ مارچ کے وسط یا اواخر میں چھتہ بازار سے پرانی حویلی سڑک پر ڈالے گئے نشانات کے مطابق جائیدادوں کے حصول کا عمل شروع کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اس سڑک پر موجود تاریخی عمارتوں سے چھیڑ چھاڑ کے بغیر سڑک کی توسیی کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اس منصوبہ پر عمل آوری کے ذریعہ پرانی حویلی تک کی سڑک کو چوڑا کیا جائے گا۔ مقامی تاجرین کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد کی کئی سڑکوں پر ٹریفک کے مسائل ہیں لیکن اس سڑک کو ترجیحی توسیع کی فہرست میں شامل کیا جانا ناقابل فہم ہے جبکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہناہے کہ پرانی حویلی میں دیوانی عدالت اور ساؤتھ زون ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے دفاترکے سبب چہل پہل زیادہ ہوتی اور عہدیداروں کے علاوہ ججس کی روانگی کی سڑک ہونے کے سبب اس مصروف سڑک پر کئی مسائل پیش آنے لگے ہیں۔ اسی لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اس سڑک کی عاجلانہ توسیع اور تعمیر کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔