چکنی غذاؤں کے بے تحاشہ استعمال سے گردوں کے امراض میں اضافہ

پبلک گارڈن واکرس اسوسی ایشن کا ہیلت لکچر‘ ڈاکٹردلیپ بابو کا خطاب

حیدرآباد۔4مئی ( پریس نوٹ ) پبلک گارڈن واکرس اسوسی ایشن کا 223 واں ماہانہ ہیلتھ لکچر بصدارت جناب غلام یزدانی چیرمین پبلک گارڈن واکرس اسوسی ایشن اندرا پریہ درشنی آڈیٹوریم باغ عامہ ‘ صبح کی ساعتوں میں منعقد ہوا ۔ اسے ماہر نفرالوجی ڈاکٹر دلیپ بابو ایم ڈی ڈی ایم سینئر کنسلٹنٹ سرجیکل اپولو ہاسپٹل نے مخاطب کیا ۔ ڈاکٹر دلیپ بابو نے لکچر کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جسم میں گردے نہایت ہی اہم افعال انجام دیتے ہیں ۔ یہ خون کی تقطیر کرتے ہیں ‘ بیکار مادوں کو اور زائد نمک اور پانی کو علحدہ کرتے ہیں ۔ ان کی عدم کارکردگی یا کسی خرابی کی وجہ سے خون میں فاسد مادوں کی آمیزش ہوجاتی ہے ۔ اگر گردے زیابیطس سے متاثر ہوجائیں تو ان کا وجود خطرے میں ہوتا ہے ۔ چنانچہ یہ ضروری ہے کہ فوری اقدام کے ذریعہ ان کو صحت مند بنایا جائے ‘ ورنہ کئی مسائل کا سامنا ہوجاتا ہے ۔ یہ بات بھی مسلمہ ہے کہ ذیابیطس سے متاثرہ گردے اگر ابتداً کسی علامات کے ذریعہ ظاہر نہیں ہوتے اور ایسی صورت میں مرض خطرناک شکل اختیار کرلیتا ہے ۔ ڈاکٹر صاحب نے ان علامات کا بھی ذکر کیا جس سے کہ گردوں کی خطرناک بیماریاں ظاہر ہوتی ہیں ۔ پیروں کا سوج جانا ‘ چہرے پر سوجن آجانا ‘ سانس لینے اور چھوڑنے کی تکلیف ‘بھوک کی کمی ‘ قئے ‘ ہیموگلوبن میں کمی اور ہڈیوں کا متاثر ہونا یہ سب علامات دیر سے ظاہر ہوتے ہیں ۔ ذیابیطس سے متاثرہ مریض کیلئے بہتر ہے کہ کم از کم سال میں ایک مرتبہ تشخیص برائے پروٹین جو البومن کہلاتی ہیں کا تشخیص کروانا مناسب ہوگا ۔ یہ بھی ضروری ہے کہ نمک کا استعمال محدود ہو‘ Smoking چھوڑ دیں ‘ اگرموٹاپا ہو تو وزن میں کمی لائیں۔ جناب غلام یزدانی چیرمین پبلک گارڈن واکرس اسوسی ایشن نے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک مہینہ میں 720گھنٹے ہوتے ہیں ۔ اگر ایک مہینے میں ایک گھنٹہ آپ ان قیمتی لکچرس میں شرکت کیلئے صرف کریں تو صحت کے قائم رکھنے میں بہت معاون ہوگا ۔ ماضی میں گردوں کی بیماریاں عام نہیں تھیں ‘ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ چکنی غذاؤں کے بے تحاشہ اور بے وقت استعمال اور اوسط عمر میں اضافہ بھی اس مرض کے پھیلنے کا باعث ہورہے ہیں ۔ ابتداء شری اے سرینو راؤ کے کچھ اشعار اور نصیحتوں کے ساتھ نشست کا آغاز ہوا ۔ مسٹر سوہن لال نائب معتمد نے مہمان مقرر کا تعارف کروایا ‘ سوال و جواب کا سیشن بھی رہا ۔ سکریٹری ڈاکٹر پرشوتم داس نے جلسہ کی کارروائی چلائی ۔ ڈائس پر شری ایکمبر ریڈی شری کانت ریڈی سرپرستان اسوسی ایشن وشواناتھ اگروال بھی موجود تھے ۔