چٹ فنڈ گروپ کے خلاف سی بی آئی کے دھاوے

نئی دہلی ۔ 29 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : دھوکہ باز چٹ فنڈ کمپنیوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے سی بی آئی سے آج مہاراشٹرا اور اڈیشہ میں تقریبا 50 مقامات پر دھاوے کئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونے میں واقع ایک پرائیوٹ گروپ کے خلاف 2 شکایات درج کروائے جانے کے بعد یہ دھاوے کئے گئے ہیں جس نے عوام سے کروڑہا روپئے وصول کئے ہیں اور 58 مقامات بشمول پونے ، ناسک ، اورنگ آباد اور شولہ پور میں تلاشی لی گئی ۔جس میں خانگی گروپ کے پرموٹرس کی قیامگاہ بھی شامل ہے۔
شیر کے حملہ میں خاتون ہلاک
چندرا پور ( مہاراشٹرا ) ۔ 29 ۔ دسمبر : (سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع چندرا پور کے سائیولی فاریسٹ رینج میں ایک شیر نے 38 سالہ خاتون کو ہلاک کردیا ۔ چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ سنجے ٹھاکرے نے بتایا کہ مہلوک خاتون کی شناخت شانتا بائی بھوپا ۔ ساکن مہابوجرگ کی حیثیت سے کرلی گئی جو کہ دیگر خواتین کے ساتھ جلانے کی لکڑیاں حاصل کرنے کیلئے گئی تھیں ۔ جنگل میں چھپے ہوئے ایک شیر نے ان خواتین پر اچانک حملہ کردیا ۔ دیگر خواتین فرار ہوگئیں لیکن شانتا بائی اس کے چنگل میں پھنس گئیں ۔ فاریسٹ عہدیدار وہاں پہنچ کر نعش بغرض پوسٹ مارٹم ہاسپٹل منتقل کردیا جب کہ فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 30 ہزار کی امداد کا اعلان کیا گیا ہے ۔۔