’چوکیدار‘ کو حکومت نے خلاء میں تک پہنچادیا ، مودی کا ریمارک

این ڈی اے حکومت کے اقدامات پر سوال اُٹھانے والی اپوزیشن پر سخت تنقید۔ اڈیشہ میں بی جے ڈی حکومت کو ہرانے کی اپیل
جے پور (اُڈیشہ) 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ اُن کی حکومت نے خلاء میں تک ’چوکیدار‘ کو تعینات کرنے کے اقدامات کئے ہیں اور عوام سے ایسی حکومت کے لئے ووٹ دینے کی اپیل کی جو ٹھوس فیصلے کرسکے نہ کہ محض نعرے لگاتے رہے۔ مشرقی ہندوستان میں اپنی انتخابی مہم اڈیشہ کے ضلع کوراپوٹ کے علاقہ جے پور میں ریلی کے ساتھ شروع کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ این ڈی اے حکومت عوام کی تائید و حمایت کے بغیر ملک میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرپاتی۔ اُنھوں نے 2019 ء کے لوک سبھا چناؤ میں بھی عوام اور اپنے حامیوں سے آشیرواد کی خواہش کی اور ادعا کیاکہ این ڈی اے حکومت نے اِس ریاست میں ترقی لانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ این ڈی اے حکومت روڈ اور ریل انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کے لئے سخت محنت کرتی رہی۔ فنڈس کی کوئی قلت نہیں جب معاملہ ملک میں ترقیاتی کاموں کا ہو۔ گزشتہ پانچ برسوں میں حکومت 8 لاکھ خاندانوں کو مکانات فراہم کئے ہیں، 3 ہزار مکانات کو برقی مہیا کرائی ہے اور 40 لاکھ گھروں میں گیس کنکشن آگئے ہیں۔ اُنھوں نے مشن شکتی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ سیٹلائیٹ شکن میزائیل کے تجربے نے ملک کے لئے مخصوص خلائی کلب میں داخلہ کی راہ ہموار کردی ہے۔ حکومت نے بہ الفاظ دیگر خلاء میں بھی واچ مین پہنچادیا ہے۔ اُنھوں نے اپوزیشن پارٹیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ اِس خلائی کارنامہ کو کم تر ظاہر کررہی ہے۔ وہ جو اینٹی سیٹلائیٹ ٹیکنالوجی پر تنقید کررہے ہیں اُنھیں انتخابات میں منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔

وزیراعظم نے عوام سے ایسی حکومت کو ووٹ دینے کی اپیل کی جو محض زبانی جمع خرچ کے بجائے ٹھوس فیصلے کرنے کے قابل ہو۔ گزشتہ ماہ بالاکوٹ میں کئے گئے سرجیکل اسٹرائیک کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں جوابی فضائی حملے کا ثبوت مانگ رہی ہیں، جو پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان میں قائم دہشت گردی کے کیمپس پر ایرفورس نے کئے۔ کیا ہمیں اِسے برداشت کرنا چاہئے؟ کیا ہمیں سائنسدانوں اور ڈیفنس فورسیس کی توہین کرنے والوں کو سزا نہیں دینا چاہئے؟ مودی نے یہ سوالات جلسہ عام میں شریک عوام سے کئے۔ اُنھوں نے زور دیا کہ اڈیشہ میں ترقیاتی کام میں تیزی لائی جائے گی بشرطیکہ یہ ریاست آنے والے اسمبلی انتخابات میں ووٹ دے کر اُن کی پارٹی کو برسر اقتدار لائے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اڈیشہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن عوام غریب ہے۔ اِس سے ثابت ہوتا ہے کہ متواتر حکومتیں اڈیشہ کو ترقی دینے میں ناکام رہیں۔ بی جے ڈی حکومت نے بھی اڈیشہ کے عوام کو آیوشمان بھارت اسکیم کے فوائد سے محروم رکھا۔ اِس نے غریبوں کو معیاری نگہداشت صحت کے حق سے بھی محروم رکھا ہے۔ مرکز میں دو انجن والی حکومت یہاں کے عوام کو بھرپور فائدہ پہونچائے گی۔ اڈیشہ قبائیلیوں، کسانوں، نوجوانوں کیلئے مضبوط تر ریاست بن جائے گی۔