صدر کانگریس کا مطالبہ ، سی بی آئی ڈائرکٹر کو ہٹانے کیخلاف کانگریس کا سی بی آئی ہیڈکوارٹرس پر مظاہرہ، راہول گاندھی نے خود کو گرفتاری کیلئے پیش کیا
نئی دہلی 26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے سی بی آئی کے ڈائرکٹر الوک ورما کو ان کے اختیارات سے محروم کئے جانے کے خلاف اپنی پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں کے ساتھ سی بی آئی ہیڈکوارٹرس کی سمت مارچ کرتے ہوئے خود کو گرفتاری کے لئے پیش کیا اور سی بی آئی تنازعہ پر وزیراعظم نریندر مودی سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیاکہ ’’وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں ہندوستان کے ہر ادارہ کو برباد کیا جارہا ہے‘‘۔ سی بی آئی ڈائرکٹر کے خلاف کارروائی پر احتجاج کرتے ہوئے کانگریس کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور لودھی اسٹریٹ پر دیال سنگھ کالج سے سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن کے ہیڈکوارٹرس تک مارچ کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے صدر نے اپنی پارٹی کے سینئر قائدین اشوک گہلوٹ، بھوپندر سنگھ ہوڈا اور دوسروں کے ساتھ خود کو گرفتاری کے لئے پیش کیا۔ راہول گاندھی نے وزیراعظم کے خلاف رشوت ستانی کے الزامات کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ اُنھوں (مودی) نے انیل امبانی کے جیب میں 30,000 کروڑ روپئے جمع کیا ہے۔ ’’کانگریس کسی چوکیدار کو چوری کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ لودھی اسٹریٹ پولیس اسٹیشن پر خود کو گرفتاری کے لئے پیش کرنے کے بعد راہول گاندھی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’اُنھوں (مودی) نے انڈین ایرفورس اور نوجوانوں کی دولت کا سرقہ کیا ہے اور سارا ملک اس بات کو سمجھتا ہے۔ وزیراعظم کسی طرح سچ سے بچنے کے لئے فرار تو ہوسکتے ہیں لیکن کسی سچائی کو چھپا نہیں سکتے‘‘۔ راہول گاندھی کے ان الزامات پر وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) نے اگرچہ تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے لیکن انیل امبانی کے دفتر سے راہول کے الزامات کی بارہا مرتبہ تردید کی جاچکی ہے۔ بی جے پی نے الزام عائد کیاکہ راہول گاندھی رافیل معاملت پر ہر دن ایک نیا جھوٹ تیار کررہے ہیں۔ گاندھی نے کہاکہ ’’سچائی بہرحال سامنے آئے گی‘‘۔ سی بی آئی ڈائرکٹر کو ہٹانے کا سچائی پر کوئی اثر نہیں ہوگا‘‘۔ قبل ازیں اُنھوں نے کانگریس کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ سی بی آئی، الیکشن کمیشن اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ جیسے اداروں کو مودی تباہ کررہے ہیں۔ راہول گاندھی کے زیرقیادت مارچ میں ویرپا موئیلی، موتی لال ووہرہ، احمد پٹیل، آنند شرما اور دوسروں نے بھی حصہ لیا۔
۔2024ء تک کانگریس زیراقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس کی نصف تعداد خواتین ہوں گی : راہول گاندھی
نئی دہلی ۔ 26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے کل کہا کہ آئندہ پانچ سال میں کانگریس زیرقیادت ریاستوں کی آدھی سے زیادہ تعداد خواتین پر مشتمل ہوگی ۔ راہول گاندھی نے راجستھان کے علاقہ کوٹا میں خواتین کانگریس کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5-6 سال قبل کانگریس زیراقتدار ریاستوں میں چیف منسٹروں کے عہدوں کی نصف تعداد خواتین پر مشتمل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ ان کی پارٹی جج کی حیثیت سے سرگرم رہنا چاہتی ہے لیکن وہ کانگریس کو ترقی دینے کیلئے خواتین کی وکیل بننا بھی پسند کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اور کانگریس میں یہی فرق ہے ۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کا کہنا ہیکہ خواتین ترقی پسند نہیں ہونا چاہئے اور انہیں گھروں سے باہر نہیں نکلنا چاہئے۔ آر ایس ایس کے اجلاسوں میں آپ کو ایک خاتون بھی نظر نہیں آئے گی۔ بی جے پی کی تنظیم میں خواتین ہیں لیکن تنظیم کی قیادت فیصلے ان کے مشوروں سے نہیں کرتی۔ فیصلے مرد کرتے ہیں ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ خواتین آئندہ چند سال میں تمام ریاستوں کے چیف منسٹر کے 40 فیصد سے زیادہ عہدوں پر فائز ہوجائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ راجستھان کی چیف منسٹر ایک خاتون ہیں لیکن ان کی تائید خواتین کو حاصل نہیں ہے۔ راجستھان میں 7 ڈسمبرکو انتخابات مقرر ہیں۔