چنڈی پر سریتا کے سنگین الزامات تحقیقاتی کمیٹی کے اجلاس پر بیان

کوچی، 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سولار پیانل اسکام کو نیا موڑ دیتے ہوئے کلیدی ملزمہ سریتا ایس نائر نے آج چیف منسٹر کیرالا اومن چنڈی کے خلاف سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ایک کمپنی قائم کی ہے، جس میں ان کے ارکان خاندان بشمول فرزند چنڈی اومن بھی شریک ہیں۔ یہ کمپنی قابل تجدید توانائی کی کاروباری کمپنی ہے۔ سریتا نے جو جسٹس سیواراجن کمیٹی کے اجلاس پر بیان دے رہی تھیں، جو سولار پیانل اسکام کی تحقیقات کر رہی ہے، کہا کہ وہ اس سلسلے میں چیف منسٹر سے بات کرچکی ہیں اور ان سے درخواست کی کہ قابل تجدید توانائی کے کاروبار کیلئے ایک کمپنی قائم کی جائے۔ ان سے کہا گیا کہ ایسی کمپنی کا قیام کیرالا قابل تجدید توانائی کوآپریٹیو سوسائٹی لمیٹیڈ کیلئے اشتعال انگیزی ہوگی، جس میں چنڈی اومن اور چیف منسٹر کی فیملی کے دیگر ارکان شریک ہیں۔ ان سے کہا گیا کہ قابل تجدید توانائی کے وسائل اور ان کے بارے میں قواعد کی تفصیلات درج کروائیں۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ چنڈی اومن امریکی کمپنی اسٹار فلیمس کے بھی شراکت دار ہیں۔