چیف منسٹر کی چیف سکریٹری کو ہدایت،محمد محمود علی کی کامیاب نمائندگی
حیدرآباد۔/29ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اہم انتخابی وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے چنچل گوڑہ جیل اور ریس کورس کو شہر کے باہر منتقل کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی توجہ دہانی پر چیف منسٹر نے چیف سکریٹری راجیو شرما کو ہدایت دی کہ وہ جیل اور ریس کورس کی منتقلی کیلئے ایکشن پلان تیار کریں تاکہ ان مقامات کو اقلیتی طلباء کے تعلیمی اور ٹریننگ مراکز میں تبدیل کیا جاسکے۔ انہوں نے چیف سکریٹری سے کہا کہ وہ جلد سے جلد ایکشن پلان کو قطعیت دیتے ہوئے اسے منظوری کیلئے کابینہ میں پیش کریں۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس نے انتخابی منشور میں چنچل گوڑہ جیل اور ریس کورس کی منتقلی کا وعدہ کیا تھا۔ ان مقامات پر اقلیتوں کیلئے معیاری تعلیمی مراکز اور ٹریننگ سنٹرس کے قیام کا منصوبہ ہے۔ مقامی افراد کی جانب سے جیل اور ریس کورس کی منتقلی کیلئے حکومت سے نمائندگی کی گئی تھی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے چیف منسٹر کے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ چیف منسٹر اقلیتوں کیلئے تعلیمی اور معاشی ترقی میں سنجیدہ ہیں اور بہت جلد جیل اور ریس کورس کی منتقلی کا عمل شروع ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عہیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ جیل اور ریس کورس کیلئے شہر کے باہر موزوں اراضی کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی سے متعلق حکومت نے جو بھی وعدے کئے تھے ان تمام پر عمل آوری کی جائے گی۔ واضح رہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر چیف منسٹر کا یہ فیصلہ اہمیت کا حامل ہے اور امید کی جارہی ہے کہ اس فیصلہ سے ٹی آر ایس کو عوام کا مثبت ردعمل حاصل ہوگا۔