چندر شیکھر راو اور چندرا بابو نائیڈو با صلاحیت چیف منسٹرس

راج بھون میں سال نو پر ایٹ ہوم ،گونر کا خطاب
حیدرآباد یکم جنوری (سیاست نیوز) گورنر ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے ذریعہ نئی ریاستوں کی تشکیل پر کوئی نہ کوئی مسائل ضرور پائے جاتے ہیں لیکن ان مسائل کی خوشگوار ماحول میں یکسوئی ضرور ممکن ہے ۔ آج یہاں راج بھون میں سال نو کے موقع پر منعقدہ عوامی دربار (پرجا دربار) سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر نرسمہن نے اپنے اس خیال کا اظہار کیا اور ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی زبردست ستائش کرتے ہوئے ان دونوں ہی چیف منسٹروں کو انتہائی با صلاحیت چیف منسٹروں سے تعبیر کیا اور کہا کہ دونوں چیف منسٹرس اپنی غیر معمولی انتظامی صلاحیتوں اور ویںن کے ذریعہ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ریاستوں کے عوام کی فلاح و بہبود ہی ان کا اہم مقصد ہے لہذا میں نے دونوں ہی چیف منسٹروں کو بحیثیت دوست اور گورنر بہتر و مفید مشورے دوں گا ۔ گورنر نے کہا کہ جاریہ ماہ 26 جنوری کو منعقد ہونے والی یوم جہوریہ تقاریب میں وہ شرکت کریں گے اور یوم جمہوریہ کے سلسلہ میں راج بھون میں ترتیب دیئے جانے والے ’’ایٹ ہوم ‘‘ میں دونوں ہی چیف منسٹروں مسرس کے چندر شیکطھر راو اور این چندرا بابو نائیڈو کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا ۔ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ وہ اب تک ہی دونوں ریاستوں کے مابین پائے جانے والے بعض تنازعات اور مسائل کی یکسوئی کیلئے پل کرچکے ہیں۔ بالخصوص ایمسیٹ 2015 کے انعقاد سے متعلق دونوں ریاستوں کے وزرائے تعلیم کو خیر سگالی ملاقات کیلئے مدعو کر کے دوران بات چیت بعض اہم مشورے و تجاویز پیش کئے ہیں جس پر دونوں ہی وزرائے تعلیم نے اپنے مثبت رد عمل کا اظہار کرچکے ہیں اور دونوں ہی وزرائے تعلیم کی جانب سے باقاعدہ طور پر سرکاری رپورٹ کا انتظار ہے اور رپورٹ وصول ہونے کے ساتھ ہی موثر و مثبت اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔