حیدرآباد کے مجاہدین آزادی سے نا انصافی ‘ ڈاکٹر لکشمن کا خطاب
حیدرآباد 3 ستمبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ بی جے پی کے صدر ڈاکٹر کے لکمشن نے آج کہا کہ ان کی پارٹی 2019 میں ریاست میں اقتدار حاصل کریگی اور حیدرآباد کی جدوجہد آزادی میں حصہ لینے والوں کی پیدائش کے مقامات کو تاریخی مقامات کے طور پر ترقی دی جائیگی ۔ ریاستی بی جے پی کی تلنگانہ وموچنا یاترا آج کھمم ضلع میں یرو پالیم گاوں کو پہونچ گئی ۔ ڈاکٹر لکشمن نے اس موقع پر ستیہ وتی اور کشن راؤ کو تہنیت پیش کی جو حیدرآباد مجاہدین آزادی کے لواحقین ہیں۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے الزام عائد کیا کہ سابقہ کانگریس حکومتیں ان کو یکسر فراموش کرچکی تھیں جنہوں نے سابقہ نظام حکومت کے خلاف جدوجہد کی تھی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور ٹی آر ایس جماعتیں ووٹ بینک کی سیاست کر رہی ہیں جس سے حیدرآباد کی جدوجہد آزادی کے مجاہدین سے نا انصافی ہو رہی ہے ۔ ڈاکٹر لکشمن نے چندر شیکھر راؤ حکومت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اس نے مخالف تلنگانہ قائدین کو کابینہ میں شامل کرلیا ہے اور وہ مجلس کے ساتھ دوستی بڑھا رہی ہے ۔ مجلس نے علیحدہ تلنگانہ کی شدت سے مخالفت کی تھی ۔ انہوں نے چیف منسٹر پر الزام عائد کیا کہ وہ بھی سابقہ نظام دور کی طرح حکومت کر رہے ہیں جس سے تلنگانہ کے عوام کو تکلیف ہو رہی ہے ۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ کے سی آر کے دور میں کسانوں کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں۔ نریلا میں دلتوں کے ساتھ غلط سلوک کیا گیا اور عصر حاضر کے نظام کے سی آر نے اندرا پارک سے دھرنا چوک کو ختم کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ حکومت کی جانب سے وموچنا یاترا کی راہ میں رکاوٹ پیدا کی جا رہی ہے لیکن عوام اس کا خیر مقدم کر رہے ہیں۔