چندرشیکھر پر جیل میں حملہ کیا گیا بھیم آرمی کا الزام

سہارنپور 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بھیم آرمی کے عہدیداروں نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفتر کا گھیراؤ کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ اُن کی تنظیم کے بانی چندرشیکھر پر یہاں واقع جیل کے اندر حملہ کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے گزشتہ روز انتظامی حکام کو یادداشت بھی پیش کی اور ضروری کارروائی کے ساتھ ساتھ اُن کے الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔ بھیم آرمی کے صدر ضلع یونٹ کمل والیا کی ماں نے کہاکہ اگر دلت تنظیم کے بے قصور لوگوں پر حملہ کیا جائے تو وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
جیلوں میں مبینہ جنسی استحصال کی تحقیقات کی جائے گی
ممبئی 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت مہاراشٹرا ریاست کی جیلوں میں خاتون قیدیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے سے متعلق اپوزیشن کے الزام کی تحقیقات کرے گی، مملکتی وزیر داخلہ رنجیت پاٹل نے آج ریاستی اسمبلی کو یہ بات بتائی۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار (این سی پی) نے ایوان میں دعویٰ کیا کہ اُن کے پاس ثبوت ہے کہ ریاست کی مختلف جیلوں میں خاتون قیدیوں کو کسی نہ کسی طرح جنسی زیادتی کا سامنا ہورہا ہے۔