حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : انڈین جرنلسٹس یونین ( آئی جے یو ) اور اس کی ملحقہ تنظیموں آندھرا پردیش یونین آف ورکنگ جرنلسٹس ( اے پی یو ڈبلیو جے ) اور تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس ( ٹی یو ڈبلیو جے ) نے آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی گذشتہ روز جمعہ کو منعقدہ سرکاری پریس کانفرنس میں تلگو روزنامہ ساکشی ، ساکشی نیوز چیانل ، تلگو روزنامہ نمستے تلنگانہ اور ٹی نیوز چینل کے رپورٹرس کو شرکت کی اجازت دینے سے انکار کئے جانے پر آج سخت اعتراض کیا ہے ۔ بیان کیا جاتا ہے کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کے سیکوریٹی عملہ نے ان دونوں اخبارات اور نیوز چینلس کے رپورٹرس کو یہ کہتے ہوئے سرکاری پریس کانفرنس کے مقام تک پہونچنے سے روک دیا کہ ان اخبارات اور چینلوں کے رپورٹرس کو داخلہ نہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ آئی جے یو کے سکریٹری جنرل دیولا پلی امر ، اے پی یو ڈبلیو جے کے صدر ڈی سوما سندر ، جنرل سکریٹری آئی وی سبا راؤ ، ٹی یو ڈبلیو جے کے صدر این سیکھر اور جنرل سکریٹری کے وراحت علی نے کہا کہ مسلمہ رپورٹرس کو محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی طرف سے دعوت نامہ جاری کئے جانے کے باوجود پریس کانفرنس کے مقام پر داخلہ کی اجازت نہ دینا قانون کی حکمرانی کے بنیادی اصولوں کے مغائر ہے ۔۔