چندرا بابو کو کانگریس کے ساتھ انتخابی مفاہمت ناکام ثابت ہوگی

شردیادو اور دیگر قائدین سے ملاقات پر جی وی ایل نرسمہا راؤ کا استفسار
حیدرآباد یکم / نومبر ( سیاست نیوز ) قومی بی جے پی قائد و رکن پارلیمنٹ مسٹر جی وی ایل نرسمہا را ؤنے قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے دورہ دہلی پر ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ اپنے آپ کو بچالینے اور دیگر جماعتوں کی حمایت و ہمدردی حاصل کرنے کیلئے ہی چیف منسٹر دہلی روانہ ہوئے ہیں ۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر نرسمہا راؤ نے کہا کہ چالیس سالہ سیاسی تجربہ رکھنے کا ادعاء کرنے والے اور نریندر مودی سے بھی سیاست میں سینئیر ہونے کا اظہار کرنے والے چندرا بابو مسٹر اکھلیش یادو جیسے سیاسی لحاظ سے بچہ کہلانے والوں سے ملکر بی جے پی کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکیں گے ۔ انہوں نے مسٹر چندرا بابو نائیڈو سے استفسار کیا کہ مسٹر شرد یادو کونسی پارٹی کے قائد ہیں اور مسٹر چندرا بابو نائیڈو کس حیثیت میں مسٹر شریادو سے ملاقات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مایاوتی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مایاوتی نے مسٹر چندرا بابو کو ایک کیلومیٹر ( دور بٹھاکر ) دوری کے فاصلے پر رکھ کر ہی بات کرکے انہیں روانہ کردیا ۔ مسٹر جی وی ایل نرسمہا راؤ نے اپنی اس پیش قیاسی کا اظہار کیا کہ کانگریس سے انتخابی مفاہمت کرنے کیلئے کوشاں مسٹر چندرا بابو نائیڈو سال 2019 کے انتخابات میں بہرصورت میں اپنے وجود کو بھی برقرار نہیں رکھ سکیں گے ۔ کیونکہ کانگریس کی مخالفت کیلئے ہی آنجہانی این ٹی راما راؤ نے تلگودیشم پارٹی قائم کی تھی ۔ لیکن اسی کانگریس پارٹی کے ساتھ ملکر مفاہمت کرنا تلگو عوام کی عزت نفس کو رہن رکھنے کے مترادف ہوگا ۔