حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( آئی این این ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے راج بھون میں ملاقات کی اور ’ رقم برائے ووٹ ‘ مقدمہ میں چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو ملزم نمبر1 بنانے کا مطالبہ کیا ۔ گورنر سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے یہ جاننا چاہا کہ مقدمہ کے ملزمین میں چندرا بابو نائیڈو کا نام کیوں شامل نہیں کیا گیا ۔ واضح رہے کہ تلگو دیشم رکن اسمبلی اے ریونت ریڈی نے ایم ایل سی انتخابات میں پارٹی امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کے لیے نامزد رکن اسمبلی اسٹیفن کو رشوت دینے کی کوشش کی تھی ۔ جگن نے گورنر سے خواہش کی کہ اس اسکام کے پس پردہ ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں ۔۔