چندرا بابو پر روجا کے الزامات نامناسب : آدی نارائن ریڈی

وائی ایس آر کانگریس رکن اسمبلی کو حقائق پر بات کرنے کا مشورہ ، وزیر اے پی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ /9 مئی (سیاست نیوز) وزیر آندھراپردیش مسٹر آدی نارائن ریڈی نے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو پر رکن اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی شریمتی روجا کے عائد کردہ الزامات پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ بیجا الزامات عائد کرنا ان کیلئے مناسب بات نہیں ہوگی ۔ آج اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے دریافت کیا کہ ایک طرف وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین سی پی آئی پر اپنی بے اعتمادی کااظہار کررہے ہیں تو دوسری طرف یہی قائدین چندرا بابو کی مبینہ بے قاعدگیوں کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کروانے کا کس بنیاد پر مطالبہ کررہے ہیں ؟ سمجھ میں آنے والی بات نہیں ہے ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آیا وائی ایس آر کانگریس اور اس کے قائدین کو سی بی آئی پر بھروسہ ہے یا نہیں ؟واضح کرنے کی ضرورت ہے ۔ مسٹر اے نارائن ریڈی نے سخت الفاظ میں کہا کہ والد کے برابر رہنے والی شخصیت پر نچلی سطح کے ریمارکس کرنا انتہائی غلط بات ہے کیونکہ سیاست میں مکمل طور پر حقائق سے واقف ہوکر بات کرنا مناسب ہوگا ۔ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے محنت و کوشش کرنے والے چندرابابو نائیڈو جیسی شخصیت پر رکیک انداز میں ریمارکس کرنا کسی کیلئے بھی بہتر نہیں ہے ۔ مسٹر آدی نارائن ریڈی نے پرزور الفاظ میں کہا کہ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی جو بھی باتیں کررہے ہیں وہ سفید جھوٹ کے سواء اور کچھ نہیں ہے ۔ لہذا بہت جلد مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کا جیل جانا طئے ہے اور رکن اسمبلی روجا کو سیاست چھوڑکر دوبارہ فلموں میں یا سیرئیلس میں کام کرلینے کا مشورہ دیا ۔