حیدرآباد۔20اپریل (این ایس ایس ) آندھراپردیش کے چیف منسٹر اور تلگودیشم پارٹی کے صدر آج 65سال کے ہوگئے ۔ اس موقع پر کئی وزراء ‘ پارٹی قائدین اور کارکنوں نے انہیں مبارکباد دی ۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں بڑے پیمانے پر سالگرہ تقریب منعقد کی گئی جہاں مسٹر نائیڈو نے تلوار کے ذریعہ 65کیلو وزنی کیک کاٹا اور وہاں موجود خیرخواہوں میں تقسیم کردیا ۔ اس موقع پر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس کا مسٹر نائیڈو نے معائنہ کیا ۔ اس وقت تلگودیشم پارٹی کے کارکن خون کا عطیہ دے رہے تھے گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور دوسروں نے بھی انہیں مبارکباد دی ‘ جس پر انہوں نے تمام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش جیسی دونوں ریاستوں کے سارے عوام کی خوشحالی ہی ان کی دلی خواہش ہے ۔انہوں نے کہا کہ تلگوعوام کی فلاح و بہبود کیلئے وہ اپنی زندگی وقف کرچکے ہیں ۔بعد ازاں مسٹر نائیڈو اننت پور کے دورہ پر روانہ ہوگئے ۔